۔13 ہندوستانی شہری چندہ کرکے چارٹر طیارہ سے امارات پہنچے

,

   

دوبئی ؍ تھرواننتاپورم: جب سے کووڈ۔19 کی وجہ سے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن ہوا ہے اور لوگ جہاں تھے وہیں پھنسے رہ گئے۔ وہیں ایک طرف تو حکومت ہند وندے بھارت کے تحت مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے وہیں دوسری طرف 13 ہندوستانی شہریوں نے 225,000 درہم کی خطیر رقم خرچ کرتے ہوئے ایک خانگی وی آئی پی طیارہ چارٹر کیا جس میں سات مرد اور چھ خواتین تھیں۔ یہ تمام لوگ کیرالا کے شہر کوچی سے طیارہ پر سوار ہوئے۔ ان مسافروں میں سے بیشتر مسافرین ایسے تھے جو کوروناوائرس کی وجہ سے تقریباً چار ماہ سے کیرالا میں ہی پھنسے ہوئے تھے کیونکہ وباء پھیلنے کی وجہ سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ روک دیا گیا تھا۔ بالآخر ان مسافرین میں سب سے پہلے دو مسافرین کو یہ خیال آیا کہ کیوں نہ ایک خانگی وی آئی پی طیارہ چارٹر کیا جائے جو گلوبل 600 کے نام سے جانا جاتا ہے اور جسے دنیا کا سب سے بڑا بزنس جیٹ کہا جاتا ہے۔ ان لوگوں کا کہنا ہیکہ کسی طرح پیسے جمع کرکے انہوں نے اپنا انتظام تو کر لیا لیکن ایسے کئی دوسرے لوگ بھی ہیں جو واپس جانا چاہتے ہیں اور حکومت سے آس لگائے بیٹھے ہیں کہ وہ ان کی مالی مدد کرے۔