۔14 لیباریٹریز میں کورونا کے معائنوں کا جلد آغاز

   

زیادہ قیمت وصول نہ کرنے مرکز کے رہنمایانہ خطوط
حیدرآباد۔31مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں جلد ہی جملہ 14لیباریٹریز میں کوروناوائرس کے معائنوں کا آغاز ہوگا جن میں 8خانگی لیباریٹریز شامل ہیں۔ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی جانب سے جن 8خانگی اداروں کو معائنوں کی اجازت فراہم کی گئی ہے ان میں اپولو ہیلت سائنس اینڈ لائف اسٹائیل لمیٹڈ‘ امیریکن انسٹیٹیوٹ آف پیتھالوجی اینڈ لیباریٹری ‘ ڈاکٹر ریمیڈیزلیابس پرائیویٹ لمیٹڈ‘اپولو ہاسپٹلس‘ میڈیکس پیاتھ لیاب ‘پیاتھ کئیر لیاب‘ وجیا ڈیاگناسٹکس کے علاوہ ویمٹا لیابس شامل ہیں۔ مرکزی حکومت کے ادارہ کی جانب سے ان لیابس کو اجازت کی فراہمی عمل میں لائی جا چکی ہے اور ان کے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے مرکزی حکومت نے معائنہ کی قیمت پر حد مقرر کرتے ہوئے 4500 فی معائنہ سے زیادہ وصول نہ کرنے کی ہدایت دی ہے لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے تاحال ان لیابس کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری نہ کئے جانے کے سبب ان خانگی مراکز پر معائنوں کا آغاز نہیں کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی زیر نگرانی چلائے جانے والے مراکز میں جہاں کورونا وائرس کے معائنوں کی اجازت فراہم کی گئی ہے ان میں گاندھی ہاسپٹل‘ عثمانیہ ہاسپٹل‘فیور ہاسپٹل‘ انسٹیٹیوٹ آف پریوینٹیو میڈیسن‘ نمس کے علاوہ سی سی ایم بی شامل ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ نمس میں معائنوں کی قیمت 30تا40 فیصد کم رکھی جائے گی جبکہ مابقی سرکاری اداروں میں کئے جانے والوں کو مفت رکھا جائے گا۔ آئی سی ایم آر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق جن لوگوں کا معائنہ کیا جانا ہے ان میں عارضہ ٔ تنفس یا گذشتہ 14دنوں کے دوران بیرونی سفر کے علاوہ دیگر علامات کے پائے جانے پر ہی معائنہ کیا جانا چاہئے ۔