15 اگسٹ آیا ……
دہلی میں پولیس سرگرم اور عام شہری پریشان
نئی دہلی : یوم آزادی یعنی 15 اگست کے پیش نظر دہلی پولیس نے غیر قانونی طور پر دہلی میں رہنے والے لوگوں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ اس کے تحت 10 غیر ملکی شہری جو بغیر ویزے اور پاسپورٹ کے رہ رہے تھے اُنھیں پولیس اسٹیشن ڈبری، اتم نگر اور موہن گارڈن کے پولیس ٹیموں نے گرفتار کیا ہے۔ دوارکا کے ڈی سی پی سنتوش کمار مینا کے مطابق افریقی شہریوں کی ایک بڑی تعداد دارالحکومت دہلی میں پیسے کمانے کے مواقع کی تلاش میں ہے۔ بہت سے افریقی شہری موہن گارڈن، ڈبری اور اتم نگر کے علاقے میں رہ رہے ہیں اور ان میں سے بہت سے لوگ جعلی یا غیر کارکرد ہوچکے ویزوں کے ساتھ رہ رہے ہیں۔این ڈی پی ایس ایکٹ کے مقدمات ان کے خلاف تھانہ موہن گارڈن، اتم نگر میں مقامی اور دیگر ریاستوں کے لوگوں کو نشہ آور اشیاء کی فراہمی کی پاداش میں درج کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ افریقی شہریوں کے خلاف سائبر فراڈ کے کیس بھی رپورٹ ہوئے۔ غیر ملکیوں کے غیر قانونی قیام کے خلاف مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔ 11 اگست کو تھانہ ڈبری، اتم نگر اور موہن گارڈن کے علاقے میں غیر قانونی طور پر رہنے والے غیر ملکیوں کے خلاف ایک خصوصی مہم شروع کی گئی۔ان تھانوں کے ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایسے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔ان تھانوں کے عملے کی جانب سے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن منعقد کیا گیا اور اس آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 10 غیر ملکی شہری پاسپورٹ اور ویزا کے بغیر پائے گئے۔ ان کے خلاف دفعہ 14A فارینرز ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔