حیدرآباد۔ حکومت سے گرمائی تعطیلات میں 15 جون تک توسیع کے بعد تعلیمی اداروں نے 16 جون سے آن لائن کلاسیس کا منصوبہ بنایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن سے مسلمہ کئی اسکولوں نے 7 جون سے آن لائن کلاسیس کا فیصلہ کیا تھا تاہم 15 جون تک گرمائی تعطیلات میں توسیع کے بعد والدین کو لمحہ آخر میں کلاسیس کے التواء کی اطلاع دی گئی۔ اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں حکومت سے واضح رہنمایانہ خطوط کا انتظار ہے۔ توقع ہے کہ 15 جون تک وزیر تعلیم اس معاملہ پر اسکولوں اور جونیر کالجس میں کلاسیس کے آغاز کے طریقہ کار کا تعین کریں گی۔ گزشتہ سال مکمل تعلیمی سال کے دوران مکمل تعلیمی سال آن لائن کلاسیس کے ذریعہ نصاب کی تکمیل کی گئی تھی۔ اب جبکہ 15 جون کے بعد تعلیمی سال کا آغاز ہونے جارہا ہے اسکولوں کیلئے کلاسیس کے اہتمام کے علاوہ سرپرستوں سے فیس کی وصولی کسی چیلنج سے کم نہیں۔ اسکولوں سے گزشتہ سال کے بقایا جات اور نئے سال کے پہلے سہ ماہی کی فیس کیلئے پیامات دیئے گئے۔