۔16 حلقوں سے کامیابی کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی : محمود علی

   

حیدرآباد۔ 7 مارچ (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں ریاست کی 16 نشستوں پر کامیابی سے ٹی آر ایس کو کوئی سیاسی طاقت روک نہیں سکتی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر داخلہ جناب محمد محمود علی نے کیا۔ تلنگانہ بھون میں سکندرآباد حلقہ کے اجلاس کو کامیاب بنانے ٹی آر ایس قائدین جمع تھے، جن میں ریاستی وزراء سرینواس یادو بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ 13 مارچ کو سکندرآباد امپریل گارڈن میں سکندرآباد کا اجلاس منعقد ہونے والا ہے۔ ٹی آر ایس قائدین و کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے کئے جارہے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات ہی کامیابی کی ضمانت ہے اور ان عوام کیلئے بھلائی و ترقیاتی اقدامات کی ملک بھر میں نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ریاست کی تشکیل کو روکنے گمراہ کن پالیسیوں پر عمل کیا گیا اور ریاست کی تشکیل کے بعد ریاست تاریکی کا شکار ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا، لیکن ان قائدین کو چاہئے کہ ملک میں ایسی ریاست نہیں جہاں 24 گھنٹے کسانوں کو مفت اور صارفین کیلئے بلارکاوٹ برقی سربراہ کی جاتی ہے اور ریاست میں دوسری مرتبہ بھاری اکثریت سے کامیابی ان اقدامات اور پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ جناب محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی پر عوام کا اعتماد میں ہر دن اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مرکزی حکومت کی تشکیل میں پارٹی سربراہی کے سی آر اہم رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں اور قائدین کو سخت محنت کرتے ہوئے 16 حلقوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس اجلاس کو ریاستی وزیر سرینواس یادو نے بھی مخاطب کیا۔ اجلاس میں سابق وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، شہر کے اراکین اسمبلی ڈی ناگیندر، کالیرو وینکٹیش، ماگنٹی گوپی ناتھ و دیگر موجود تھے۔