۔16 فبروری کو خواتین کے دھرنے کی اجازت پر پولیس کا گریز !

   

حیدرآباد /14 فروری ( سیاست نیوز ) شہریت ترمیمی قانون و این آر سی کے خلاف سرگرم اے پی ٰ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 16 فروری کو اندرا پارک پر خواتین کے احتجاج کو اجازت دینے سے پولیس گریز کرتی نظر آرہی ہے ۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے حیدرآباد پولیس کو حکم دیا گیا تھا کہ خواتین کے 6 گھنٹے کے پُر امن احتجاج کی اجازت کیلئے جے اے سی کی درخواست پر نظر ثانی کی جائے ۔ جے اے سی کنوینر جناب مشتاق ملک نے 16 فروری کو خواتین کے احتجاج کیلئے پولیس سے اجازت طلب کی تھی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ پولیس نے جے اے سی کو اطلاع دی کہ اسی دن یعنی 16 فروری کو مجلس بھی دھرنا چوک پر احتجاج کرنا چاہتی ہے ۔ پولیس کے رویہ کے خلاف مشتاق ملک نے کہا کہ ہائی کورٹ ہدایت کے باوجود ٹال مٹول رویہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو پولیس اجازت دے یا نہ دے خواتین اپنا احتجاج ضرور کرے گی ۔