ریاستی وزیر سرینواس یادو افتتاح کرینگے ۔ جولائی میں مزید دو کالونیوں کا افتتاح ہوگا
حیدرآباد۔ صنعت نگر سلم علاقوں میں رہنے والے 162 خاندانوں میں کل پیر کو حکومت کی جانب سے تعمیر کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی چابیاں حوالے کی جائیں گی ۔ پوٹی سری راملو نگر ڈبل بیڈ روم ہاوزنگ کالونی کو ریاستی حکومت کی اسکیم کے تحت تعمیر کیا گیا ہے ۔ ریاستی ومیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو پیر کو اس کالونی کا افتتاح کرینگے ۔ یہ کالونی 0.7 ایکڑ اراضی پر تعمیر کی گئی ہے اور اس پر 14 کروڑ روپئے کا خرچ آیا ہے ۔ اس کالونی میں سی سی روڈ ‘ سیوریج لائین ‘ سمپ ‘ پینے کے پانی اور برقی کی مکمل سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس سوسائیٹی میں جملہ نو دوکانیں اور دو لفٹس بھی ہیں۔ حکومت کی جانب سے تعمیر کی جانے والی ہر کالونی میں یہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان دوکانوں کے ذریعہ لفٹ کے مینٹیننس کے اخراجات کی تکمیل ہوگی ۔ ریاستی وزیر کل اس کالونی کا افتتاح کرینگے اور منتخب خاندانوں میں مکانات کی چابیاں تقسیم کرینگے ۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی اسپیکر ٹی پدما راو ‘ مئیر جی وجئے لکشمی اور دوسرے شرکت کرینگے ۔ صنعت نگر میں مزید دو کالونیاں حکومت کی جانب سے تعمیر کی جا رہی ہیں۔ ماہ جولائی میں ان کالونیوں کے افتتاح کا پروگرام ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ایک کالونی کا یکم جولائی کو اور دوسری کا 5 جولائی کو افتتاح عمل میں لایا جائیگا۔