نئی دہلی ۔ /15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان میں مارچ کے دوران نظام الدین مرکز کے اجتماع میں 47ملکوں سے 1640 بیرونی ارکان تبلیغی جماعت شریک ہوئے جن میں سے صرف 66 کووڈ۔19 کے کیس میں مثبت پائے گئے ۔ جمعیت العلماء ہند نے آج کہا کہ ان مریضوں میں سے 2 فوت ہوئے، بقیہ صحت یاب ہوگئے ۔ صدر جمعیت مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ملک کے جملہ کورونا کیسوں کے تعلق سے بات کرتے ہوئے تبلیغی جماعت کے معاملوں کو نمایاں کرنا مسلمانوں کے خلاف مبینہ طور پر نفرت کا ماحول پیدا کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک میں 78ہزار سے زیادہ کورونا وائرس کیس ہوچکے ہیں ، مگر تبلیغی جماعت کے اعداد و شمار کو پہلے کی طرح نمایاں نہیں کیا جارہا ہے ۔