شہروں کی وسعت اور زیرکاشت رقبہ میں اضافہ اہم وجہ
نئی دہلی ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بشمول دنیا کے 169 ملکوں میں شہری علاقوں میں توسیع اور زیرکاشت رقبہ میں اضافہ سے اکثر مقامات پر صحرائی حالات پیدا ہونے کے اندیشوں کا اظہار کیا گیا ہے۔ ماحول کو سرسبز بنائے رکھتے ہوئے دنیا کو صحرائی حالات سے بچانے کیلئے شعور بیداری کے عالمی دن پر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے اپنے پیغام میں کہا کہ اراضیات کی بحالی و حفاظت اور اس کا بہتر استعمال نہ صرف متعلقہ مقامات کے رہنے والوں کو نقل مکانی سے روک سکتا ہے بلکہ غذائی طمانیت کویقینی بناتے ہوئے معاشی ترقی کو فروغ دے سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے اعداد کے مطابق سمجھوتہ میں شامل 197 کے منجملہ 169 ممالک میں صحرائی علاقہ کے پھیلاؤ کا اندیشہ ہے۔ اس ضمن میں آج 25 ویں سالانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں ترقی کے علاوہ دیگر 10 ممالک کے وزراء نے شرکت کی۔
