۔17مئی کے بعد حکومت کیا قدم اٹھا رہی ہے؟ سونیا گاندھی کا سوال

,

   

لاک ڈاؤن کو ختم کرنے کی حکمت عملی واضح کرنے پر زور ، کانگریس اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹرس سے تبادلہ خیال
نئی دہلی، 6مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ تیسرے مرحلہ کا لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد حکومت اس مسئلہ پر کیا حکمت عملی اختیار کررہی ہے اس کا خلاصہ کرنا چاہئے ۔ گاندھی نے کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ کورونا وائرس (کووڈ۔19) اور لاک ڈاون کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے آج کہاکہ مرکزی حکومت کو بتانا چاہئے کہ 17مئی کے بعد کیا صورتحال ہوگی۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت لاک ڈاون کے پیمائش کے لئے کیا پیمانہ اختیار کررہی ہے اور وہ اس بارے میں 17مئی کے بعد کیا اور کیسی پالیسی اختیار کررہی ہے۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے گاندھی کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ اب یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ تیسرے مرحلہ کا لاک ڈاون ختم ہونے کے بعد کیا ہوگا۔صدر کانگریس سونیا گاندھی نے ملک میں مہلک کورونا وائرس کی وباء پر کانگریس کی اقتدار والی ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ساتھ آج ایک اجلاس منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں مودی حکومت کی جانب سے ملک میں تیسرے لاک ڈاون کے نفاذ اور 17 مئی کو اس کے ختم ہونے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ راجستھان کی چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر ریاستوں کیلئے پیکیج وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پیکیج کے بغیر ریاستی حکومتیں کس طرح کام کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستوںکو کروڑہا روپئے کی محصول آمدنی کا نقصان ہوا ہے ۔ ریاستی حکومتیں وزیراعظم سے مسلسل پیکیج جاری کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اب تک کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا گیا ۔ چیف منسٹر پنجاب کیپٹن امریندر سنگھ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے دو کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے ۔ ایک کمیٹی لاک ڈاؤن سے باہر آنے کی حکمت عملی وضع کرے گی جبکہ دوسری معیشت کی بحالی کے لئے مختلف تجاویز پیش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بنیادی سطح پر تفصیلات کے حصول کے بغیر زونس کی زمرہ بندی کا فیصلہ کیا ہے ۔ چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر بھوپیش بگھیل نے کہا کہ بیشتر ریاستوں کو سخت معاشی بحران کا سامنا ہے ۔ انہیں فوری طور پر مالی مدد کی فراہمی کی ضرورت ہے ۔ چھتیس گڑھ ایک ایسی ریاست ہے جہاں تقریباً 80 فیصد چھوٹے پیمانہ کی صنعتوں نے دوبارہ کام کاج شروع کردیا ہے جہاں 85,000 سے زائد ورکرس مصروف ہوگئے ہیں۔ کانگریس کی جانب سے ملک میں کورونا وائرس کی وباء کے پھیلنے کے بعد مرکزی حکومت سے وباء سے لڑنے کیلئے حکومت کے اقدامات کی وضاحت طلب کی جارہی ہے ۔ کانگریس نے ریاستوں کو اس وباء سے لڑنے کے لئے پیکیج دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 75 فیصد ریاستوں کو فراہم کریں۔