۔17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ منانے پر کوئی پابندی نہیں، 2 جون 2014 اصل یوم آزادی: کے سی آر

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 15 ۔ ستمبر (این ایس ایس) ٹی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ عوام اگر چاہیں تو 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ کا جشن مناسکتے ہیں ۔ اس پر حکومت کی طرف سے کوئی پابندی نہیں ہے ۔ چنانچہ اس مسئلہ پر تنازعہ پیدا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ کے سی آر نے اسمبلی میں کہا کہ اس ریاست کی جاگیردارانہ حکمرانی سے جمہوری حکمرانی میں تبدیلی پر قومی پرچم لہرانے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اپنے ہیڈکواررس پر ایک طویل عرصہ سے قومی ترنگا لہراتی رہی ہے اور یوم آزادی منایا جاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ پر سیاسی جماعتوں کی طرف سے احتجاج یا الجھن پیدا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ کے سی آر نے کہا کہ آزادی حیدرآباد کے موقع پر اس وقت کے مرکزی وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل نے نظام حیدرآباد کو اس ریاست کے انڈین یونین میں انضمام کے بعد حکمرانی کے لئے ’راج پرمکھ‘ مقرر کیا تھا۔