حیدرآباد۔ 2 فروری (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے جاریہ ماہ 15 فروری کو ریاست بھر میں امداد باہمی انتخابات (کوآپریٹیو سوسائٹیز الیکشنس) کے فوری بعد تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کا انعقاد عمل میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی بجٹ سیشن سے متعلق اپنے رفقاء کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کے بعد امداد باہمی انتخابات منعقد ہونے کے ساتھ ہی 17 فروری سے تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ سیشن منعقد کرنے کا اشارہ دیا ہے۔ 20 فروری کو اسمبلی میں ریاستی بجٹ کے پیش کئے جانے کی توقع ہے۔ اسی دوران مرکزی حکومت سے ریاست کو حاصل ہونے والے فنڈز اور ریاستی آمدنی سے متعلق تخمینہ جات مرتب کئے جانے کے علاوہ محکمہ جاتی اساس پر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی بجٹ کی تیاری کے ذریعہ محکمہ جات کیلئے رقومات مختص کئے جانے کو قطعیت بھی دی جاسکتی ہے۔