کراچی ۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گلین پوکنال نے کہا ہے کہ پاکستان میں فاسٹ بولروںکا کردار بنگلہ دیش کی نسبت زیادہ ہوگا۔ 18 سال بعد پاکستان میں جیت کے عزم کے ساتھ آئے ہیں، امید ہے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹوں کے ساتھ جلد ہم آہنگ ہو جائیں گے۔دورہ پاکستان پر موجود نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گلین پوکنال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے ونڈے اسکواڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھرپور پہلا پریکٹس سیشن کیا اور کھلاڑی حالات اور موسم سے ہم آہنگ ہونے کی جلد سے جلد کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اٹھارہ سال بعد آئے ہیں اور سیریز جیتنے کے لیے پرجوش ہیں۔ہیڈکوچ نے کہا کہ بنگلہ دیش میں وائٹ بال کرکٹ کھیلنے کی اچھی پریکٹس ہوئی جو پاکستان میں کھیلتے ہوئے مددگار ثابت ہوگی۔ بنگلہ دیش کی نسبت پاکستان میں فاسٹ بولروں کا کردار زیادہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کرکٹ کی طرف اب دنیائے کرکٹ زیادہ تیزی سے بڑھ رہی ہے جس سے کئی باصلاحیت کھلاڑی منظر عام پر آرہے ہیں۔