پہلا جلسہ سرسلہ میں، اختتامی جلسہ سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہوگا، گاندھی بھون میں اجلاس
حیدرآباد ۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کی جانب سے ریاست میں 2 اکٹوبر تا 9 ڈسمبر تک بیروزگاری کے خلاف خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج شام گاندھی بھون میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کی صدارت میں پارٹی کا ایگزیکیٹیو اجلاس منعقد ہوا۔ شہر میں موجود پارٹی کے قائدین شریک تھے۔ ماباقی قائدین زوم کانفرنس کے ذریعہ اجلاس میں شرکت کی۔ بعدازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر ڈاکٹر ملو روی نے بتائی۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس تشہیری کمیٹی کے کنوینر سید عظمت اللہ حسینی اور تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی کے صدر شیوسیناریڈی بھی موجود تھے۔ ملو روی نے بتایا کہ دلت گریجن مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے شروع کیا گیا پروگرام کامیاب رہا جس کا کل گجویل کے جلسہ عام سے اختتام کو پہنچا۔ گاندھی جینتی 2 اکٹوبر تا سونیا گاندھی کی سالگرہ 9 ڈسمبر تک ریاست میں بیروزگاری کے خلاف مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ پہلا پروگرام سرسلہ میں منعقد کرنے اور اختتامی پروگرام سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہوگا، جس میں سونیا گاندھی یا راہول گاندھی کو مدعو کیا جائے گا۔ بیروزگاری کے مسئلہ پر طلبہ، نوجوان، پروفیسرس اور دانشوروں کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں سے تبادلہ خیال کرنے کیلئے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کی نگرانی میں ایک سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں سید عظمت اللہ حسینی کے علاوہ تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر شیوسیناریڈی تلنگانہ این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی اندرون چار یوم پروگرام کو قطعیت دیتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کو پیش کرے گی۔ ریونت ریڈی آئندہ ہفتہ منعقد ہونے والی سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس میں اس رپورٹ کو پیش کریں گے جس پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس بیروزگاری مہم میں 1.90 لاکھ مخلوعہ جائیدادیں، فیس ریمبرسمنٹ کی عدم اجرائی کے علاوہ دوسرے امور پر خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ پہلا پروگرام یا جلسہ عام کے ٹی آر کے اسمبلی حلقہ سرسلہ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ N