۔2 لاکھ روپئے چوہے کھاجانے پر کے ٹی آر کا ردعمل

   

Ferty9 Clinic

ضلع کلکٹر سے رپورٹ طلب، متاثرہ شخص کی امداد کا منصوبہ
حیدرآباد۔/18 جولائی، ( سیاست نیوز) محبوب آباد ضلع میں ایک غریب شخص کے 2 لاکھ روپے کی کرنسی کو چوہوں کی جانب سے کاٹ کھانے کے واقعہ پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ضلع عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔ وہ اس معاملہ میں رپورٹ ملنے کے بعد غریب ترکاری فروش ریڈیا نائیک کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ نے اس واقعہ کے بارے میں میڈیا میں خبروں کی اشاعت کے بعد ضلع کلکٹر سے ربط قائم کیا اور انہیں تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر نے ریوینو عہدیداروں کو ریڈیا نائیک کے گھر روانہ کیا تاکہ تفصیلات حاصل کرسکیں۔ چندرا نائیک تانڈہ سے تعلق رکھنے والے ریڈیا نائیک نے علاج کیلئے 2 لاکھ روپئے جمع کئے تھے۔ چوہوں نے نوٹوں کو کتردیا اور انہیں ناقابل استعمال بنادیا۔ غریب شخص کی پریشانی کو الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں اہمیت کے ساتھ پیش کیا گیا جس پر کے ٹی راما راؤ نے توجہ مرکوز کی ۔ انہوں نے ضلع کلکٹر سے جاننا چاہا کہ کرنسی نوٹس کا موقف کیا ہے، کیا یہ نوٹ مکمل طور پر ضائع ہوچکے ہیں یا پھر جزوی نقصان ہوا ہے۔ اگر نقصانات جزوی ہوں تو ان نوٹوں کے عوض دوسرے نوٹ فراہم کئے جاسکتے ہیں۔