شمس آباد ۔ 3 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں سونے کی اسمگلنگ کرنے والے 16 افراد گرفتار اور 2.17 کروڑ روپئے مالیتی سونا ضبط کرلیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب جدہ سے شمس آباد ایرپورٹ آنے والے 16 مسافرین جو عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس ہورہے تھے ان کے قبضہ سے 6.46 کیلو سونا جس کی مالیت 2 کروڑ 17 لاکھ روپئے کو ضبط کر کے مسافرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ ساوتھ زون ٹاسک فورس اور ڈی آر آئی عہدیداروں کی مشترکہ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا گیا ہے ۔ 16 مسافرین جو عمرہ کی ادائیگی کے خواہش مند تھے انہیں کسی شخص نے کم قیمت پر عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانہ کیا تھا جس پر تمام افراد بے حد خوش تھے لیکن جیسے ہی وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد وطن واپس ہوئے ایرپورٹ پہنچنے انہیں 16 افراد کو سونا دیا گیا اور کہا گیا تھا کہ وہ یہ سونا حیدرآباد ایرپورٹ لیجائے جہاں انہیں ایرپورٹ پر ایک شخص آئے گا تمام سونا اس کے حوالہ کرنے کو کہا گیا تھا ان سبھی نے انکار کیا تو ان سے تمام رقم طلب کرتے ہوئے انہیں دھمکی دی گئی جس پر مجبور غریب افراد راضی ہوگئے لیکن ایک اطلاع پر ساوتھ زون ٹاسک فورس اور ڈی آر آئی عہدیداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سونے کی بڑی اسمگلنگ کو ناکام بنادیا ۔ چند افراد نے اپنے ذاتی مفاد کے لیے غریب افراد کو نشانہ بنایا جس میں وہ ناکام ہوگئے ۔ شمس آباد ایرپورٹ پر سونے کی اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں اور اسمگلرس بھی اپنی کوششوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔۔