۔20 ہزار لیٹر مفت پانی کی اسکیم جی ایچ ایم سی تک محدود

   

تاحال 41 فیصد مکینوں نے استفادہ کیا، میٹر نمبر کو آدھار سے مربوط کرنے کا لزوم

حیدرآباد۔حکومت کی جانب سے ماہانہ مفت 20ہزار لیٹر پانی کی سربراہی کی اسکیم مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود تک ہی محدود رکھی گئی ہے۔حکومت تلنگانہ کی جانب سے جی ایچ ایم سی انتخابات سے قبل کئے گئے اعلان کے مطابق اس اسکیم پرعمل آوری شروع کی جا چکی ہے لیکن جی ایچ ایم سی حدود سے متصل بلدیات اور کارپوریشن میں شامل مکینوں کی جانب سے بھی اس اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواست داخل کی جا رہی ہے لیکن محکمہ آبرسانی کی جانب سے واضح کردیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق یہ اسکیم جی ایچ ایم سی کے حدود تک ہی محدود رہے گی۔محکمہ آبرسانی کے عہدیداروں نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی حدود میں 41 فیصد مکینوں کی جانب سے اس اسکیم سے استفادہ حاصل کیا جانے لگا ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود 9لاکھ 73ہزار977صارفین میں 4لاکھ 6ہزار 508صارفین نے اپنے آبرسانی میٹر کے نمبر کو آدھار سے مربوط کرتے ہوئے ماہانہ 20ہزار لیٹر پانی کی اسکیم سے استفادہ حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔شہر حیدرآباد میں حکومت کی جانب سے 30اپریل سے مفت پانی کی سربراہی کی اسکیم کا آغاز عمل میں لایا جاچکا ہے اور کہا جارہا ہے کہ آئندہ دنوں کے دوران بھی اپنے آبی سربراہی کنکشن کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے والوں کو اس اسکیم سے استفادہ کا موقع فراہم کیا جا ئے گا۔اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کے لئے صارفین 155313 پر رابطہ قائم کرتے ہوئے اسکیم سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔