کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج وزیرا عظم مودی سے ملاقات کی اور ان سے 20.000 کروڑ روپے کے مجموعی مالی پیکیج کا مطالبہ کیا۔ لیکن مودی نے اڈیشہ ، مغربی بنگال اور جھارکھنڈ کیلئے محض 1,000 کروڑ روپئے کے امدادی پیاکیج کا اعلان کیا۔ انھوں نے اڈیشہ کیلئے 500 کروڑ روپئے مختص کئے جبکہ بقیہ 500 کروڑ سے بنگال اور جھارکھنڈ میں امدادی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ قبل ازیں چیف منسٹر ممتابنرجی نے وزیراعظم مودی سے مشرقی مدنا پور کے کائیکنڈہ میں ملاقات کی اور ریاست کو ہونے والے نقصان سے متعلق ایک رپورٹ سونپی ۔ دیگھا میں بی ڈی اوز سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو ابتدائی طور پر بتایا گیا ہے کہ طوفان یاس کی وجہ سے ریاست کو 20ہزارکروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت نے وزیر اعظم سے دیگھا کے لئے 10,000کروڑ اور سندربن کے لئے مزید 10,000 کروڑ کا مالیاتی پیکیج کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔مشرقی مدنا پور اور جنوبی 24پرگنہ میں زیادہ تباہی مچی ہے ۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ریاست کے سیاحتی مقامات دیگھا اور مندار منی میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ۔وہیں سندربن کا بڑا علاقہ مکمل طور پر زیر آب آگیا۔فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ۔ امفان کے بعد سندر بن کی تعمیر نو کی جارہی تھی وہ بھی اس کی زد میں آکر تباہ و برباد ہوگئے ہیں ۔یاس کی وجہ سے سندر بن کے حالات مزید خراب ہوگئے ہیں ۔ممتا بنرجی، وزیراعظم مودی کے ساتھ کائیکنڈہ میٹنگ میں شریک نہیں ہوئیں ۔لیکن دونوں قائدین کے درمیان مختصر ملاقات ہوئی۔ وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ان کے ساتھ یاس طوفان سے ہونے والے نقصانات کی تفصیل پیش کی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف سکریٹری اور وہ طوفان سے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
چیف سکریٹری مغربی بنگال کو مرکز نے واپس طلب کرلیا
دریں اثناء مرکز نے مغربی بنگال کے چیف سکریٹری الپن بندیوپادھیائے کو ریاست سے واپس طلب کرلیا ہے۔ ریاست کے اعلی ترین بیوروکریٹ کے تعلق سے مرکز کے فیصلہ کا پس منظر وزیراعظم مودی اور چیف منسٹر ممتا بنرجی کے درمیان طوفان کی صورتحال پر غور کیلئے منعقدہ میٹنگ کے شرکاء پر تنازعہ بتایا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری کی میعاد میں چار روز قبل ہی تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی لیکن آج اچانک یہ اقدام کیا گیا۔
ہم نے وزیرا عظم مودی سے ملاقات کرکے ریاست میں ہونے والے نقصانات کا اجمالی جائزہ پیش کرتے ہوئے 20 ہزار کروڑ روپے کے مجموعی پیکج کا مطالبہ کیا ہے ۔اس کے علاوہ ہم نے سیاحتی مقام دیگھا کی تعمیر نو اور سندر بن کی تعمیر کے لئے علحدہ دس دس ہزار کروڑ روپے کا مطالبہ پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وزیر اعظم سے کہا ہے کہ جو آ پ مناسب سمجھیں کریں۔ویسے مجھے نہیں لگتا ہے کہ مرکزی حکومت اس معاملے میں ہمارے مسائل کو سمجھے گی۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ دیگھا کی تعمیر نو کی جلد سے جلد ضرورت ہے۔یہاں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ۔