۔2000 روپئے کی کرنسی نوٹ بند ہونے کا امکان

,

   

سابق فینانس سکریٹری سبھاش چندر کارگ کی سفارشات پر عمل کرنے حکومت کا غور

حیدرآباد۔8نومبر(سیاست نیوز) ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے 2000 روپئے کے کرنسی نوٹ کی کسی بھی وقت تنسیخ ممکن ہے ۔ حکومت اگر سابق فینانس سیکریٹری مسٹر سبھاش چندر گارگ کی سفارشات پر عمل کرتی ہے تو کسی بھی وقت 2000 کے نئے کرنسی نوٹ کی تنسیخ کا اعلان کیا جاسکتا ہے کیونکہ کرنسی کی ذخیرہ اندوزی کے متعلق جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں ان کے مطابق اب کالا دھن جمع کرنے والوں کی جانب سے صرف 2000 کے کرنسی نوٹ جمع کئے جانے لگے ہیں اور حکومت کے فیصلہ کے مطابق عوامی شعبہ کے بینکوں کے علاوہ ملک میں خدمات انجام دینے والے بیشتر تمام بینکوں کے اے ٹی ایم سی 2000 کے کرنسی نوٹ ہٹا لئے گئے ہیں اور اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ علاوہ ازیں بینکوں کی جانب سے 2000 کے کرنسی نوٹ صارفین کو جاری کرنے سے بھی اجتناب کیا جا رہاہے تاکہ نوٹ دوبارہ بازار میں نہ پہنچ پائیں۔ حکومت ہند نے 3سال قبل کرنسی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد 2000 کے کرنسی نوٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور حالیہ دنوں میں یہ اعلان بھی سامنے آیا ہے کہ 2000 کے کرنسی نوٹ کو بازارسے ہٹانے کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں ۔ اسی لئے بینکوں کو اس بات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 2000 کے کرنسی نوٹ اے ٹی ایم سے نکال لیں اور ان کرنسی نوٹوں کو صارفین کو بھی جاری نہ کیا جائے بلکہ ریزرو بینک آف انڈیا کو یہ نوٹ واپس کردیئے جائیں۔ بتایاجاتا ہے کہ سابق فینانس سیکریٹری برائے حکومت ہند مسٹر سبھاش چندرگارگ نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان کرنسی نوٹوں کی تنسیخ کا فیصلہ کریں کیونکہ اب 2000 کے کرنسی نوٹ ہی بلیک منی کی ذخیرہ اندوزی کیلئے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت کی جانب سے 2000کے کرنسی نوٹ کی تنسیخ کا فیصلہ بھی کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں شہریوں کو کوئی مشکلات کا سامنا نہ نہیں کرنا پڑے گا بلکہ ان لوگوں کیلئے مشکلات پیدا ہوں گی جن لوگوں نے 2000 کے کرنسی نوٹوں کی ذخیرہ اندوزی کررکھی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آر بی آئی کی جانب سے 2000کے نوٹ کی اشاعت کو بند کئے ہوئے ایک سال کا عرصہ گذر چکا ہے اور اس مدت کے دوران ایک بھی 2000 کی نوٹ شائع نہیں کی گئی ہے اور بازار میں موجود نوٹوں کو واپس لینے کے اقدامات کے باوجود ملک میں اب بھی کئی 2000کے نوٹ موجود ہیں اور ان کا چلن جاری ہے جس کے سبب ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کوئی خوف نہیں ہے لیکن یہ بات واضح ہے کہ اگر سابق فینانس سیکریٹری کی سفارش کو حکومت قبول کرتی ہے تو 2000کے کرنسی نوٹ فوری بند کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے اور ایسی صورت میں 25کرنسی نوٹ تبدیل کروانے کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان ممکن ہے۔ذرائع کے بموجب حکومت جلد ہی اس سلسلہ میں کوئی قطعی فیصلہ کرنے والی ہے۔