۔2014ء انتخابی وعدوں پر سوالات کے جواب دینے تیار رہیں، سینا کا بی جے پی کو مشورہ

   

ممبئی۔ 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) منگل کو شیوسینا نے بی جے پی سے کہا کہ 2014ء میں کئے گئے انتخابی وعدوں کے عوامی سوالات کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہیں، جس میں وادی میں امن بحالی اور رام مندر کی تعمیر شامل ہیں۔ شیوسینا نے وزیراعظم مودی کے ریڈیو پروگرام ’’من کی بات‘‘ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ابھی بھی وہی من کی بات کو دہراتے آرہے ہیں جبکہ یہی من کی بات 23 مئی کو ایکدم کافور ہوجائے گی کیونکہ اس دن نتائج کا اعلان کردیا جائے گا ۔ سینا نے اپنے ترجمان ’’سامنا‘‘ میں تحریر کیا کہ تاریخ ہمیشہ کہتی ہے کہ عوام کو ایک طویل عرصہ تک بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ اسی طرح عوام اپنے تشنہ طلب سوالات کے جواب بیلٹ باکس کے ذریعہ سے دریافت کریں گے۔ بی جے پی نے 2014ء کے دونوں انتخابی منشور کو وادی کشمیر میں امن کی بحالی اور رام مندر تعمیر دونوں وعدوں کو فراموش کردیا اور عوام EVMs کو استعمال کرتے ہوئے ان دونوں وعدوں کو ذہن میں لائیں گے۔ اس کے علاوہ پارٹی EVMs مشین کے استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ان مشینوں کے استعمال کو ترک کردیا ہے کیونکہ ان مشینوں پر روپیہ پیسہ اور طاقت کا کنٹرول رہتا ہے تو پھر ہندوستان ان کو کیوں استعمال کرنا چاہتا ہے؟ سینا نے وزیراعظم اور چیف منسٹر فڈنویس دونوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں افتتاحوں اور پروگرام کے اعلانات میں مصروف ہیں اور الیکشن کے اعلان سے ایک دن پہلے تک دونوں ان پروگرامس میں نہایت ہی مصروف تھے۔