لندن ۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے برطانیہ میں ’’گھر پر رہئے لاک ڈاون ہے‘‘ کی پہلی سالگرہ مناتے ہوئے عوام کو مبارکباد دی کہ انہوں نے کووڈ ۔ 19 سے پیدا ہوئے مشکل حالات کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ انہوں نے یہ اُمید ظاہر کی کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں آہستہ آہستہ دیگر تمام پابندیاں بھی ختم کردی جائیں گی اور برطانوی عوام آزاد فضا میں سانس لے سکیں گے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ یاد رہے کہ لاک ڈاؤن کے ایک سال مکمل ہونے کے دن کو ’’نیشنل ڈے آف ریفلکشن‘‘ کے طور پر منایا جارہا ہے۔ مسٹر جانسن نے ایک بار پھر عوام کے جذبہ کی ستائش کی اور کہا کہ کووڈ کے مشکل حالات میں عوام نے زبردست صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا جو یقینا قابل ستائش ہے۔ 2020 کا پورا سال ہی انتہائی مشکل حالات میں گذرا۔ 56 سالہ بورس جانسن خود بھی کورونا سے متاثر ہوئے تھے لیکن ہاسپٹل میں شریک کئے جانے کے بعد وہ صحتیاب ہوگئے تھے۔
