۔21 دنوں کا لاک ڈاؤن ، غریبوں کیلئے کوئی اقدامات نہیں

   

صرف سماجی فاصلہ اور عام زندگی میں تحدیدات وائرس کا حل نہیں، مودی پر کانگریس کی تنقید
نئی دہلی۔25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کے پیش نظر ملک کے عوام سے لاک ڈاون کے دوران گھروں پر ہی رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ گھر سے باہر نہیں جانا ہی اس بیماری سے بچنے کا واحد متبادل ہے لیکن بہتر حکمت عملی کا فقدان اورغریب عوام کی زندگی بند سے جومتاثر ہوگی اس پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ کانگریس نے مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ اس نے غریبوں کے لئے کچھ نہیں کیا۔ مودی نے قوم کے نام خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر 21دن گھروں کے اندر لاک ڈاون کے دوران اس وائرس کی چین کو نہیں توڑاگیا تو ملک 21سال پیچھے چلا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کے بارے میں آپ یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ کیسے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو بھی اس بیماری نے بے بس کردیا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ان کے پاس وسائل نہیں ہیں لیکن کورونا وائرس کے علاج کا ایک واحد راستہ سماجی دوری یعنی ایک دوسرے سے دور رہنا، اپنے گھروں میں بند رہنا ہے۔ کورونا وائرس سے بچنے کا اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔اس وائرس کی سائکل کو توڑنا ہی ہوگا۔ کانگریس نے کہا کہ پورا ملک وزیراعظم نریندرمودی کی مکمل لاک ڈاون کی درخواست ماننے کو تیار ہے لیکن مودی کو بتانا چاہئے کہ ان غریبوں کے21 دن کیسے کٹیں گے جو دہاڑی پر اپنا پیٹ پالتے ہیں۔کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے وزیراعظم کے قوم کے نام خطاب کے بعد ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ عزت ماب مودی جی، ملک تو لاک ڈاون کی ہر درخواست مانے گا۔ لیکن آپ نے کورونا وبا کو روکنے کے لئے کیا کیا ہے۔ طبی عملہ کی حفاظت کیسے ہوگی۔انہوں نے مودی سے سوال کیا کہ کورونا سے پیدا ہوئے روزی روٹی کے بڑے بحران کا حل کیا۔