۔2200 سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب میں آمد

,

   

سکھ دھرم کے بانی گرو نانک دیو کے 550 ویں یوم پیدائش تقاریب میں شرکت
لاہور 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سکھ مت کے بانی گرو نانک دیو کے 550 ویں یوم پیدائش تقاریب کے ضمن میں ہندوستان سے 2000 سکھ یاتری منگل کو پاکستانی صوبہ پنجاب میں واقع گردوارہ ننکانہ صاحب پہونچ گئے۔ اس موقع پر پاکستان میں کرتارپور راہداری کا افتتاح عمل میں لایا جارہا ہے۔ گردوارہ جنم استھان نانک صاحب اُس مقام پر تعمیر کیا گیا تھا جہاں گرونانک پیدا ہوئے تھے۔ سکھ دھرم کے بانی کا 550 واں یوم پیدائش 2019 ء میں منایا جارہا ہے۔ ای ٹی پی بی کے ایک ترجمان نے کہاکہ تقریباً 2,200 سکھ یاتری براہ واگھا سرحد یہاں پہونچے جن کا ای ٹی پی بی کے ایک سینئر اہلکار نے استقبال کیا۔ ترجمان نے مزید کہاکہ سکھ یاتری آمد کے فوری بعد جنم استھان نانک صاحب روانہ ہوگئے۔ یہ یاتری 12 نومبر کو گرونانک یوم پیدائش کی مرکزی تقاریب میں شرکت کریں گے اور 14 نومبر کو وطن واپس ہوجائیں گے۔ صوبہ پنجاب کے گورنر چودھری سرور نے کہاکہ پاکستان نے کرتارپور راہداری مقررہ وقت پر مکمل کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گردوارہ داربار صاحب دنیا بھر کے سکھوں کے لئے پاکستان کا تحفہ ہے۔