۔232 دواخانوں میں آج سے آروگیہ شری خدمات بند

   

Ferty9 Clinic

بقایہ جات کی اجرائی میں حکومت کی جانب سے تساہل پر احتجاج ۔ علاج جاری رکھنے کی اپیل بے اثر
حیدرآباد۔15اگسٹ (سیاست نیوز) ریاست کے 232 خانگی دواخانو ںمیں 16اگسٹ سے آروگیہ شری خدمات بند کردی جائیں گی۔ دواخانوں کے ذمہ داروں نے حکومت سے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر 16اگسٹ سے خدمات بند کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ حکومت نے اس اعلان کے بعد 300 کروڑ روپئے جاری کرنے کا فیصلہ کرکے دواخانہ کے ذمہ داروں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ خدمات بند کرنے کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلیں ۔ وزیر فینانس و صحت ایٹالہ راجندر کی اپیل پر آروگیہ شری خدمات انجام دینے والے دواخانوں کے ذمہ داروں سے منفی ردعمل ظاہر کرکے 16 اگسٹ سے خدمات بند کرنے کے فیصلہ پر برقراری کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے 1300 کروڑ کے بقایاجات میں صرف 300 کروڑ کی اجرائی کا اعلان کیا گیا اور کہا جا رہاہے کہ مابقی رقم مرحلہ وار انداز میں جاری کی جائیگی جبکہ حکومت نے انتخابات سے قبل اعلان کیا تھا کہ انتخابات کے بعد بقایاجات کی ادائیگی ہوگی لیکن یہ کہہ دیا گیا کہ ملک میں انتخابات کے سبب انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے اسی لئے بقایاجات کی ادائیگی ممکن نہیں ہے اور اب جبکہ تمام انتخابات مکمل ہوچکے ہیں حکومت بقایاجات کی ادائیگی کے سلسلہ میں اقدامات نہیں کئے گئے اور جب دواخانوں کے ذمہ داروں کی جانب سے خدمات بند کرنے دھمکی دی تو 300 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ کہا جار ہاہے کہ مابقی رقم مرحلہ وار انداز میں جاری کی جائے گی جبکہ ریاست میں جلد ہی بلدی انتخابات کا اعلامیہ متوقع ہے اور اس کیلئے دوبارہ ضابطہ اخلاق نافذ ہوجائے گا ۔ اسکے بعد جو صورتحال پیدا ہوگی تو دوبارہ بقایاجات میں اضافہ ہوگا اور حکومت بجٹ کی اجرائی میں کوتاہی کریگی اسی لئے دواخانوں کے ذمہ داروں سے فوری بقایہ جات کی اجرائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ کے بعض دواخانوں میں آروگیہ شری خدمات کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ وہ 16 اگسٹ سے خدمات بند کرنے کے حق میں نہیں ہے لیکن بیشتر دواخانوں میں 16اگسٹ سے آروگیہ شری کے تحت علاج کی سہولت کو بقایاجات کی اجرائی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کہا جار ہاہے کہ حکومت دواخانوں کے ذمہ داروں کے علاوہ آروگیہ شری خدمات کے دواخانوں کی تنظیم کے ذمہ داروں سے راست مذاکرات کرکے مسئلہ کو فوری حل کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔