۔24 گھنٹوں کے دوران بارش سے 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

   

دونوں شہروں میں ماہ جنوری کا نیا ریکارڈ ، شاہ پور میں سب سے زیادہ 54.7 ملی میٹر بارش
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ماہ جنوری عام طور پر جاڑوں کے عروج پر ہونے اور آخری ایام میں گرمی میں اضافہ کا مہینے تصور کیا جاتا ہے ۔ لیکن اب چند برسوں سے عالمی سطح پر ماحولیات میں بڑھتی تبدیلیوں کا اثر سال میں ہونے والے موسموں کے مہینوں کی تبدیلیوں کے طور پر بھی دیکھا جارہا ہے ۔ یہ ہی وجہ ہے کہ ماہ جنوری کے دن آخری ایام میں بارش اپنے عروج پر ہے اور ہفتہ سے بارش کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے اس میں وقفہ وقفہ سے ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ چند دنوں تک بارش کے برقرار رہنے کی پیش قیاسی بھی کی گئی ہے ۔ لیکن گذشتہ 2 دنوں کی بارش نے گذشتہ 10 برسوں میں ماہ جنوری میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ توڑ رہا ہے جب کہ آخری مرتبہ 97 برس قبل ماہ جنوری میں یعنی 3 جنوری 1922 کو شہر میں 24 گھنٹوں کے درمیان ہونے والی بارش 93.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی تھی جب کہ ہفتہ اور اتوار کو شہر میں ہونے والی بارش جو کہ 24 گھنٹوں کے درمیان ریکارڈ کی گئی وہ 10.1 ملی میٹر ہے جس نے گذشتہ 10 برسوں میں ماہ جنوری کے بارش کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ حیدرآباد میں بارش کے جو ریکارڈ تلنگانہ اسٹیٹ پلاننگ ڈیولپمنٹ سوسائٹی ( ٹی ایس پی ڈی ایس ) نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ کئے ہیں ان میں شاہ پور میں سب سے زیادہ 54.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جس کے بعد مادھاپور میں 53.8 ، قطب اللہ پور میں 48.5 ، آصف نگر میں 46.3 اور گولکنڈہ میں 40.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شہر کے کئی نشیبی علاقوں میں بارش نے سڑکوں کو جھیل میں تبدیل کردیا تھا ۔۔