محکمہ سیول سپلائیز کو چیف منسٹر کی ہدایت، تین لاکھ سے زائد درخواستیں زیر التواء
حیدرآباد۔16 ۔جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ سیول سپلائیز کو ہدایت دی کہ 26 تا 31 جولائی تمام اہل افراد کو نئے راشن کارڈس جاری کریں۔ چیف منسٹر نے وزیر سیول سپلائیز جی کملاکر کو ہدایت دی کہ وہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کی نگرانی کریں۔ ریاست میں تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار افراد نے نئے راشن کارڈس کیلئے درخواست داخل کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزراء اور ارکان اسمبلی کی نگرانی میں ہر اسمبلی حلقہ میں راشن کارڈس کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کمشنر سیول سپلائیز انیل کمار سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نئے راشن کارڈس ہولڈرس کو اگست سے چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی سربراہی عمل میں آئے۔ کابینی اجلاس میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ کوئی بھی اہل خاندان راشن کارڈس سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے راشن کارڈ کیلئے داخل درخواستوں کی جانچ کا عمل تیز کرنے کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت زیادہ غریب خاندانوں کو رعایتی شرح پر چاول اور دیگر اشیاء راشن شاپس سے سربراہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔