حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے آشا ورکرس کو اسمارٹ فون فراہم کرنے کی اسکیم کے تحت ورنگل اور ہنمکنڈہ کے 1309 آشا ورکرس میں اسمارٹ فون تقسیم کئے گئے ۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے ورنگل کے 693 اور ہنمکنڈہ کے 616 آشا ورکرس میں اسمارٹ فونس تقسیم کئے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اسمارٹ فونس کے ساتھ 4 سم کارڈ فراہم کررہی ہے اور جملہ 27 ہزار آشا ورکرس کو اسمارٹ فون دیئے جائیں گے۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل آشا ورکرس کی تنخواہ ماہانہ 15 سو روپئے تھی جبکہ چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ میں 9750 روپئے ماہانہ تنخواہ مقرر کی ہے۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ وزیر اعظم کی ریاست گجرات میں آشا ورکرس کی تنخواہ ماہانہ 4 ہزار روپئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت عنقریب شدید بیمار مریضوں میں این سی ڈی کٹس تقسیم کرے گی ۔