حیدرآباد۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے محکمہ اکسائیز کو ہدایت دی ہے کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر 29 نومبر تا یکم ڈسمبر گریٹر حیدرآباد کے حدود میں شراب کی دکانات کو بند رکھا جائے۔ اس کے علاوہ 4 ڈسمبر کو رائے شماری کے موقع پر بھی شراب کی دکانات بند رکھی جائیں۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر سی پارتھا سارتھی نے محکمہ جات اکسائیز، جی ایچ ایم سی اور پولیس کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ امن و ضبط کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے شراب کی دکانات بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پارتھا سارتھی نے عہدیداروں سے کہا کہ رائے دہی کے دن سے قبل تمام غیر مجاز وائن اور غیر قانونی طور پر تیار کی جانے والی شراب کے مراکز کو مہربند کردیا جائے۔ ڈپٹی میونسپل کمشنرس سے مشاورت اور پولیس کی اعانت سے سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے عارضی دفاتر کے قیام کی اجازت دی جائے۔ سیاسی جماعتوں کے یہ دفاتر پولنگ اسٹیشنوں سے 200 میٹر سے باہر ہونے چاہیئے۔