۔30 نومبر کو دہلی میں کانگریس کی ’ بھارت بچاؤ ریلی ‘

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی 16 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے آج اعلان کیا کہ مرکزی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف اس کی جانب سے ضلع سطح پر اور ریاستی سطح پر احتجاج کئے جائیں گے ۔ اس احتجاج کا سلسلہ 30 نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان پر ایک بڑی ریلی کے ذریعہ ہوگا ۔ پارٹی کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں 5 تا 15 نومبر احتجاج منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں بی جے پی زیر قیادت حکومت کی ناکامیوں کو پیش کیا جانا چاہئے تھا تاہم اس کو موخر کیا گیا ۔ کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آج فیصلہ کیا ہے کہ 25 نومبر تک ضلع سطح کے اور ریاستی سطح کے احتجاج مکمل کرلئے جائیں گے ۔ اس کے بعد 30 نومبر کو دہلی کے رام لیلا میدان میں ایک بڑی ریلی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف منعقد کی جائے گی ۔ آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رام لیلا میدان میں ہونے والی ریلی کو ’’ بھارت بچاو ریلی ‘‘ کا نام دیا جائیگا کیونکہ اس حکومت میں عوام کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔ کانگریس نے اپنے جنرل سکریٹریز اور دوسری محاذی تنظیموں کے سربراہان ‘ مختلف ڈپارٹمنٹس کے عہدیداروں ‘ ریاستی یونٹوں کے صدور اور مقننہ پارٹی کے قائدین کا ایک اجلاس آج منعقد کیا تھا جس میں پارٹی کے احتجاج سے متعلق امور پر غور کرتے ہوئے فیصلے کئے گئے ہیں۔ مسٹر وینو گوپال نے کہا کہ آج کے اجلاس میں احتجاجی پروگرامس پر غور کیا گیا ہے جو حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف منعقد کئے جائیں گے ۔ کہا گیا کہ اس احتجاج کے دوران خاص طور پر معاشی سست روی ‘ زرعی بحران اور ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور دوسرے مسائل کو بھی اجاگر کیا جائیگا اور عوام کو اس سے واقف کروایا جائیگا ۔ 30 نومبر کو رام لیلا میدان پر ایک زبردست ریلی کے ساتھ احتجاج تکمیل کو پہونچے گا ۔