بچوں کے والدین سے صدر رام ناتھ کووند کی بات چیت، باہمی تعاون پر مسرت
منیلا۔/19 اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو فلپائن میں اُن کمسن بچوں کے ماں باپ سے بات چیت کی جن کے جگر کی ہندوستان میں کامیاب پیوند کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے اس کلیدی جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے ساتھ اپنے ملک کے تعاون و اشتراک پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ باہمی تال میل کے سبب عوام کے مابین رابطے وسعت اختیار کررہے ہیں۔ فلپائن ۔ ہند پیوند کاری جگر پروگرام کے تحت گزشتہ 28 ماہ کے دوران 35 فلپائنی بچوں کے جگر کی ہندوستان میں کامیاب پیوند کاری کی جاچکی ہے۔ صدر کووند نے ٹوئیٹ کیا کہ ’’ ہندوستانی طبی ادارہ جات فلپائن میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ کام کررہے ہیں تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ اس قسم کی پیوند کاریوں کے عمل میں کس طرح مصارف کو کم کرتے ہوئے کامیابی کی شرح میں اضافہ کیا جاسکے۔‘‘وزارت اُمور خارجہ میں ترجمان روش کمار نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ صدر جمہوریہ نے فلپائنی کمسن بچوں کے جگر کی پیوند کاری کے مختلف واقعات کی تفصیلی سماعت کی ہے۔