این ڈی آر ایف، بری ، بحری اور فضائی افواج کی ٹیمیں مصروف
نئی دہلی۔9 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزارت داخلہ نے جمعہ کو بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ چار ریاستوں مہاراشٹرا، کیرالا، کرناٹک اور گجرات کو راحتی امور کی انجام دہی کے لیے این ڈی آر ایف کی 83 ٹیموں کو روانہ کیا جاچکا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کی موجودہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لیے مرکزی وزارتوں اور ایجنسیوں کی تیاری کا مرکزی مملکتی وزیر برائے داخلی امور نیتیانند رائے کی قیادت میں مقررہ ایک اجلاس میں جائزہ لیاگیا۔قومی آسمانی آفات سے نمٹنے والی قومی فورس کے ڈائرکٹر جنرل نے اس اجلاس کو بتایا کہ اس فورس کی 83 ٹیموں کو تمام مطلوبہ آلات کے ساتھ متاثرہ ریاستوں کے کمزور علاقوں میں تعینات کردیا گیا ہے۔ یہ ٹیمیں فوج، بحریہ اور فضائیہ کی 173 ٹیموں کے علاوہ ہیں۔ این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم میں 45 افراد ہوتے ہیں۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ دو روز میں مہاراشٹرا، کریالا اور کرناٹک میں بہت زیادہ موسلادھار بارش ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ اندیشہ ہے کہ گجرات، مغربی مدھیہ پردیش اور مشرقی راجستھان کے علاقے بھی ہفتہ تک شدید بارش کا شکار رہیں گے۔ ابھی تک ان علاقوں سے 82 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے اور 2,325 لوگوں کو سیلاب سے بچایا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب آئندہ دنوں میں بھی ایسا لگتا ہے کہ شدید بارش کے ساتھ ساتھ زمین کے کھسکنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔