۔’43 کٹھ پتلی اندر، 12 کٹھ پتلی باہر‘، کابینہ توسیع پر سابق آئی اے ایس آفیسر کا طنز

   

نئی دہلی :سابق آئی اے ایس آفیسر سوریہ پرتاپ سنگھ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے لیے مشہور ہو چکے ہیں، اور اب انھوں نے مرکزی کابینہ میں توسیع کو لے کر بذریعہ ٹوئٹر زوردار طنز کیا ہے۔ انھوں نے جمعرات کے روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’کابینہ توسیع: 43 کٹھ پتلی اندر، 12 کٹھ پتلی باہر۔ لیکن زیرو میں کچھ بھی جوڑو یا کچھ بھی گھٹاؤ، رہے گا تو زیرو ہی۔‘‘ اس سے قبل سوریہ پرتاپ سنگھ نے چہارشنبہ کے روز بھی کابینہ توسیع کو لے کر ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ ’’مرکزی کابینہ توسیع- یو پی میں ووٹ پانے کے لیے کچھ دلت؍ پسماندہ ’ذاتوں‘ کو وزیر مملکت کا عہدہ تو ملا لیکن سب کوڑا کچرا ہی ملا۔ یہ ان ذاتوں کی عزت افزائی کم اور بے عزتی زیادہ ہے کیونکہ مرکز میں وزیر مملکت کے پاس کیا اختیارات ہیں؟ آپ سب جانتے ہی ہیں۔‘‘