نئی دہلی 11 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں جملہ 44 ارکان اسمبلی نے اپنی نشست پر قبضہ برقرار رکھا ہے جن میں بی جے پی کے بھی دو ارکان شامل ہیں۔ بی جے پی کے دو ارکان اسمبلی وجیندر گپتا ( روہینی ) اور او پی شرما ( وشواس نگر ) نے 12 ہزار اور 16 ہزار ووٹوں کے واضح فرق سے اپنی نشستوں پر قبضہ برقرار رکھا ہے ۔ سابق عآپ رکن اسمبلی انیل کمار باجپائی نے گاندھی نگر حلقہ سے اپنی نشست برقرار رکھی ہے تاہم اس بار انہوں نے بی جے پی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیا تھا ۔ اپنی اپنی نشستوں سے دوبارہ کامیابی حاصل کرنے والے اہم ارکان میں چیف منسٹر اروند کجریوال ‘ منیش سیسوڈیا ‘ ستیندر جین ‘ گوپال رائے ‘ عمران حسین ‘ کیلاش گہلوٹ اور راجیندر پال گوتم شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے پون شرما نے آدرش نگر کے حلقہ سے اپنی نشست بچائی ہے اور انہوں نے بی جے پی کے راج کمار بھاٹیہ کو 1500 ووٹوں کے فرق سے شکست دی ۔ امبیڈ نگر حلقہ سے عام آدمی پارٹی کے اجئے دت نے 28000 کی اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے اپنی نشست پر قبضہ برقرار رکھا ہے ۔ چترپور کے کرتارسنگھ تنور نے بھی اپنی نشست پر دوبارہ جیت درج کی ہے ۔
