کونسل فار میڈیکل ریسرچ سے اجازت کا انتظار،مزید خانگی لیابس کی نشاندہی
حیدرآباد۔ حکومت کی جانب سے ریاست میں کورونا ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ کے فیصلہ کے بعد 5 اضلاع میں کورونا ٹسٹ لیابس میں ٹسٹوں کی اجازت پر غور کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے نئے لیابس میں ٹسٹ کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ اضلاع نظام آباد، گدوال، سوریا پیٹ، میدک اور کریم نگر میں نئے لیابس میں کورونا ٹسٹ کا منصوبہ ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کونسل سے اجازت حاصل ہوجائے گی جس کے بعد اضلاع میں کورونا اور اس سے متعلق تمام ٹسٹ انجام دیئے جاسکیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق اضلاع میں ٹسٹنگ کی سہولت کے سبب نتائج اندرون 24 گھنٹے مل سکتے ہیں۔ ریاست کے کسی بھی ضلع میں فی الوقت کورونا ٹسٹ کی سہولت موجود نہیں ہے جس کے سبب ہاسپٹلس کو نمونے ایمبولینس کے ذریعہ حیدرآباد روانہ کرنے پڑرہے ہیں جس میں کافی وقت صرف ہورہا ہے۔ تلنگانہ میں فی الوقت 28 لیابس میں کورونا ٹسٹنگ کی سہولت حاصل ہے ان میں سے 18 خانگی شعبہ میں ہیں جبکہ باقی سرکاری نگرانی میں ہیں۔ ان میں سے صرف 2 لیابس ورنگل اور عادل آباد میں موجود ہیں جبکہ باقی دیگر لیابس گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کام کررہے ہیں۔ حکومت روزانہ 2000 ٹسٹ کے انتظامات کررہی ہے جبکہ دیگر ریاستوں میں یہ تعداد روزانہ تقریباً 10 ہزار ہے۔ عہدیداروں کا ماننا ہے کہ ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ سے کورونا پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ وزیر صحت راجندر نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت بڑے پیمانے پر ٹسٹنگ کیلئے چینائی سے مشین حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے جس کے ذریعہ روزانہ 5000 سے زائد ٹسٹ باآسانی کئے جاسکتے ہیں۔