۔5 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال اور ٹاملنا ڈو سمیت 5 ریاستوں میں 6 راجیہ سبھا نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان کیا ہے۔ ان پانچ ریاستوں میں ٹاملنا ڈو (2) مغربی بنگال، آسام، مہاراشٹر اور مدھیہ پردیش کی ایک ایک نشست شامل ہے۔ان نشستوں کیلئے پولنگ 4 اکتوبر کو ہوگی۔ نتائج بھی اسی دن شام کو آئیں گے۔ اس کے ساتھ بہار میں اسمبلی کونسل کی نشست کے لیے ضمنی انتخابات بھی 4 اکتوبر کو ہوں گے۔ اور 4 اکتوبر کو پڈوچیری کی راجیہ سبھا کی ایک نشست کے لیے بھی ووٹنگ ہوگی۔ مغربی بنگال میں مانس رنجن بھونیا، آسام کے بسوجیت دیماری، تمل ناڈو کے کے پی منوسامی اور ترو آر ویتھلنگم نے استعفیٰ دے دیا ہے۔بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تھاور چند گہلوت نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے اور انہیں گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر کی نشست کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راجیو ساتو کی موت کے بعد خالی ہوئی اور پڈوچیری میں این گوکل کرشنا اکتوبر میں ریٹائر ہو رہے ہیں۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ 4 ستمبر کو اڈیشہ کی تین اور مغربی بنگال کی ایک اسمبلی نشست پر 30 ستمبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ان میں مغربی بنگال کی بھوانی پور سیٹ بھی شامل ہے جہاں سے چیف منسٹرٰ اور ترنمول کانگریس قائد ممتا بنرجی انتخاب لڑیں گی۔ ووٹوں کی گنتی 3 اکتوبر کو ہوگی۔