۔5 ریاستوں کے انتخابات میں بی جے پی کو شکست یقینی

   

کانگریس کا سورج غروب ہوگیا۔ ٹی آر ایس قائدجی سکھیندر ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ زرعی سیاہ قوانین متعارف کرانے والی بی جے پی کو آئندہ ماہ منعقد ہونے والے 5 ریاستوں کے انتخابات میں شکست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پارٹی کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کرتی ہے وہ زوال پذیر ہوجاتی ہے۔ زرعی شعبہ کو کسانوں کیلئے عید جیسے تہوار میں تبدیل کردینے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ملک کے پہلے چیف منسٹر ہیں جنہوں نے زرعی شعبہ کو ترقی دینے کے ساتھ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے بڑے پیمانے پر اسکیمات کو روشناس کرایا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے کو گرفتار کرنے پر علی بابا چالیس چور کی طرح بی جے پی قائدین تلنگانہ پہنچ کر ٹی آر ایس حکومت کے خلاف شور مچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کا سورج غروب ہوگیا ہے اب اس کا کوئی وجود نہیں ہے خود کانگریس کے قائدین کو اس کا اندازہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کانگریس پر بھروسہ نہیں ہے۔ سکھیندر ریڈی نے کہا کہ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی کے پاس سوائے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو تنقید کا نشانہ بنانے کے دوسرا کوئی کام نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو کے سی آر جیسے قائد کی ضرورت ہے جو ترقی اور فلاحی اسکیمات دونوں کو ایک ساتھ انجام دے سکے ۔ انہوں نے کسانوں کو متحد ہوکر کے سی آر کی بھرپور تائید و حمایت کرنے پر زور دیا۔ ن