۔5 ٹریلین ڈالرس کی معیشت بننے 8 فیصد کی شرح سے ترقی ضروری : رنگاراجن

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 12 جولائی ( پی ٹی آئی ) ہندوستان کو آئندہ پانچ سال کے دوران 5 ٹریلین ڈالرس کی معیشت بننے کیلئے ضروری ہے کہ ملک سالانہ 8 فیصد کی شرح سے ترقی کرے اور اس کیلئے ایک واضح روڈ میاپ کی ضرورت ہے ۔ سابق گورنر ریزرو بینک آف انڈیا سی رنگا راجن نے آج یہ بات کہی ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالانکہ معاشی ترقی کیلئے سرمایہ کاری بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے لیکن پالیسی سازوں کو سرمایہ کاری کیلئے بہتر اور ٹھیک ماحول پیدا کرنے پر توجہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سامنے اصل نشانہ یہی ہے کہ وہ جتنا تیزی سے آگے بڑھ سکتا ہے بڑھے ۔ ہمارا نشانہ یہی ہونا چاہئے کہ آئندہ پانچ سال میں ہندوستان کو 5 ٹریلین ڈالرس والی معیشت بنادیا جائے ۔ ڈاکٹر سی رنگا راجن نے کہا کہ اس نشانہ کی تکمیل کیلئے ضروری ہے کہ ملک آئندہ پانچ سال تک ہر سال آٹھ فیصد کی شرح سے ترقی کرے اور اس ترقی کیلئے بھی ایک واضح روڈ میاپ ہونا ضروری ہے ۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ سال 2019-20 کا مرکزی بجٹ جو پیش کیا گیا ہے اس نے ہندوستان کو پانچ ٹریلین ڈالرس کی معیشت بنانے کا روڈ میاپ واضح کردیا ہے ۔ حکومت کا دعوی ہے کہ اس بجٹ کے ذریعہ فی کس آمدنی میں اضافہ کیا جائیگا ۔ کھپت میں اضافہ کیا جائیگا اور پیداوار کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر سی رنگا راجن نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے یقینی طور پر سرمایہ کاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ تاہم عوامی سرمایہ کاری میں اضافہ کی کچھ حدود ہوسکتی ہیں کیونکہ فلاحی اسکیمات پر اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوتا رہتا ہے ۔ اس صورتحال میں جو خانگی کمپنیاں ہوتی ہیں چاہے وہ بڑی ہوں یا چھوٹی ہوں ان پر سرمایہ کاری کا زیادہ بوجھ عائد ہوسکتا ہے ۔ سرمایہ کاری کیلئے بھی ایک واضح روڈ میاپ اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔