۔50 ہزار تقررات میں حکومت سنجیدہ، شبہ کی گنجائش نہیں

   

Ferty9 Clinic

محکمہ جات سے تفصیلات طلب، نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ ونود کمار کا بیان
حیدرآباد: نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں کے سی آر حکومت سنجیدہ ہے ۔ اس سلسلہ میں کسی کو اندیشہ کا شکار ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ نوود کمار نے کہا کہ پروفیسر کودنڈا رام اور بعض دیگر قائدین 50,000 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت پر شبہات کا اظہار کر رہے ہیں۔ کے سی آر حکومت ترقی اور فلاح و بہبود کی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے اور بیروزگار نوجوانوں سے جو وعدے کئے گئے تھے، ان پر عمل آوری کا سلسلہ جاری ہے ۔ حکومت نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوںکی تفصیلات طلب کی ہے اور پہلے مرحلہ میں 50,000 تقررات کئے جائیں گے ۔ ونود کمار نے کہا کہ مرحلہ وار تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے طریقہ کار سے واقفیت کے باوجود پروفیسر کودنڈا رام عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے تمام محکمہ جات سے جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سے محکمہ برقی ، پولیس ، آبپاشی اور دیگر محکمہ جات میں بڑے پیمانہ پر تقررات کئے گئے۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت سنجیدہ ہے۔ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ سابق میں تقررات کئے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کے تقررات کے بعض معاملات ہائی کورٹ میں زیر التواء ہیں۔ حکومت مقدمات کی عاجلانہ یکسوئی کے اقدامات کر رہی ہے۔ ونود کمار نے کہا کہ شفافیت کے ساتھ تقررات کئے جائیں گے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔