الوال میں شرمناک واقعہ ۔ اندرون 12 گھنٹے خاطی کی گرفتاری
حیدرآباد 22 مارچ (سیاست نیوز) سائبرآباد کے علاقہ الوال میں ایک شرمناک واقعہ میں ایک 6 سالہ کمسن بچی کی عصمت ریزی کے بعد اُس کا گلا کاٹ کر قتل کردیا گیا۔ پولیس نے فوری کارروائی میں اندرون 12 گھنٹے خاطی کا پتہ لگا کر اُسے گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس بالانگر شریمتی پی پدمجا نے کہاکہ الوال پولیس حدود میں واقع والمیکی نگر میں کمسن بچی جو ایل کے جی کی طالبہ تھی، پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی۔ بچی کے ماں باپ نے پولیس الوال میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی تھی جس پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ اِسی دوران پولیس کو لاپتہ کمسن بچی کی نعش ریلوے پٹریوں کے قریب دستیاب ہوئی۔ سب انسپکٹر الوال ورا پرساد اور اُن کی ٹیم موقع واردات پر پہونچ کر وہاں کا معائنہ کیا اور تحقیقات کا آغاز کیا۔ پولیس نے مقام واردات پر کلوز ٹیم کو بھی طلب کرلیا اور فارنسک ماہرین نے پتہ لگایا کہ کمسن بچی کی نعش پر کئی زخم موجود ہیں اور اُس کا گلا بھی کٹا ہوا پایا گیا۔ کمسن بچی نیم برہنہ حالت میں پائی گئی۔ پولیس نے بچی کے بھائی کا بیان ریکارڈ کیا اور یہ معلوم ہوا کہ اُس کے پڑوس میں رہنے والے دھرمیندر سنگھ نے ہولی پر مکان میں پارٹی رکھی تھی جس میں اُس کے بہنوئی روشن اور راجیش کمار، سریندر کمار اور سبرامنیم شریک تھے۔ کمسن بچی کے ساتھ گھناؤنی حرکت کرنے والے راجیش کمار کو فوری حراست میں لے لیا گیا اور تفتیش کے دوران اُس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کو تنہا دیکھنے کے بعد قریبی ریلوے پٹریوں کے پاس لے گیا اور جھاڑیوں میں اُس کے ساتھ گھناؤنی حرکت کی۔ کمسن بچی جب مدد کیلئے چیخ و پکار کیا تو اُس نے اُس کا وائر سے گلا کاٹ دیا۔ پولیس نے راجیش کمار کو مقام واردات پر لایا اور شواہد اکٹھا کئے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے جانے والے وائر کو ضبط کرلیا۔