۔60 سال کے شہریوں کو یکم ؍ مارچ سے مفت ویکسین

,

   

مختلف عارضوں میں مبتلاء 45 سال سے زیادہ عمر والوں کو بھی کوویڈ ویکسین دیا جائے گا

مرکزی حکومت کا اعلان

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ 60 سال سے زائد عمر والے شہریوں اور مختلف عارضوں میں مبتلاء 45 سال سے زیادہ عمر والوں کو یکم ؍ مارچ سے مفت کوویڈ۔19 ویکسین دیئے جاسکیں گے۔ میڈیا بریفنگ میں مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ ٹیکہ اندازی ملک بھر میں پھیلے ہوئے تقریباً 10 ہزار سرکاری مراکز میں مفت رہے گی۔ ویکسین تقریباً 20 ہزار پرائیویٹ سنٹرس کو بھی مہیا کرائی جائے گی لیکن عوام کو اس کیلئے ادائیگی کرنی پڑے گی۔ اس رقم کا تعین مرکزی وزارت صحت اندرون تین تا چار یوم کرے گی۔ فی الحال اس پر مینوفیکچررس اور ہاسپٹلس کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔ اس سوال پر کہ آیا عوام کو ویکسین کے معاملہ میں کووی شیلڈ یا کوویکزین میں سے کوئی ایک منتخب کرنے کا اختیار رہے گا، جاوڈیکر نے کہا کہ ہندوستان کو فخر ہیکہ اس کے پاس دو ویکسین دستیاب ہے اور دونوں ہی مؤثر ہیں جن کی اثر پذیری ثابت ہوچکی ہے۔ آکسفورڈ ۔ ایسٹرازینیکا کی تیار کردہ کووی شیلڈ سیرم انسٹیٹیوٹ کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے جبکہ کوویکزین کی تیاری بھارت بائیوٹیک میں ہورہی ہے۔ جاوڈیکر نے ادعا کیا کہ ہندوستان میں ٹیکہ اندازی کامیاب اور نقص سے پاک رہی ہے جبکہ بہت کم شکایات وصول ہوئی ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ مرکزی وزراء اور وزیراعظم جو اَب اس زمرہ میں شامل رہیں گے جو ٹیکہ اندازی کیلئے اہل قرار دیا جارہا ہے، کیا انہیں بھی ٹیکہ دیا جائے گا۔ اس کے جواب میں جاوڈیکر نے کہا کہ جو بھی ویکسین لینا چاہیں وہ اپنے منتخبہ مقام پر یکم ؍ مارچ سے ٹیکہ لے سکیں گے۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد بھی بریفنگ کے موقع پر موجود رہے اور انہوں نے کابینی فیصلوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کی اکثریت سوچ رہی ہیکہ وہ ٹیکہ لینے پر اس کا معاوضہ ادا کریں گے۔ ٹیکہ اندازی مہم رواں سال جولائی تک 30 کروڑ کی ترجیحی آبادی کا احاطہ کرلے گی۔ ہیلتھ کیر اور فرنٹ لائن ورکرس کو ٹیکہ اندازی کے معاملہ میں ترجیح دی جارہی ہے اور ان کے بعد معمر اور مختلف عارضوں میں مبتلاء لوگوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے۔ وزارت صحت کے مطابق 24 فبروری تک 2,45,356 سیشن کے ذریعہ 1,21,65,598 افراد کو ٹیکہ لگایا جاچکا ہے۔