کھیل کود، مذہبی وسیاسی تقریبات کی 21 ستمبر سے اجازت
نئی دہلی : حکومت ہند نے اَن لاک 4.0 کے رہنمایانہ خطوط کا ہفتہ کو اعلان کیا ۔ کورونا وائرس کے ماحول میں عام زندگی اور معیشت کو بحال کرنے کی کوشش میں جاری کردہ نئے قواعد کے مطابق ملک بھر میں میٹرو سروسیس 7 ستمبر سے کام کرنے لگے گی لیکن اسے ریاستوں میں دستیاب حالات سے مربوط رکھا گیا ہے ۔ یعنی کوئی ریاستی حکومت اگر مناسب سمجھتی ہے تو میٹرو سرویس کے احیاء میں رد و بدل کرسکتی ہے ۔ حکومت نے کہا ہے کہ جہاں کہیں ( کنٹنمنٹ زون ) کورونا وائرس لاک ڈاؤن جاری ہے اسے 30 ستمبر تک سختی سے لاگو کیا جائے گا ۔ اَن لاک 4 کے قواعد کی دیگر نمایاں بات اسکولس اور کالجس کا بدستور بند رکھا جانا ہے ۔ وزارت امور داخلہ نے کہا کہ سماجی ، تعلیمی ، کھیل کود ، تفریحی ، ثقافتی ، مذہبی ، سیاسی تقریبات اور دیگر اجتماعات کی 21 ستمبر سے مشروط اجازت دی جائے گی جس میں بیک وقت 100 افراد کے جمع ہونے کی حد لاگو رہے گی نیز شرکاء کو ماسک لگانا ہوگا ، سوشیل ڈسٹنسنگ کا اہتمام کرنا ہوگا اور تھرمل اسکیاننگ نیز ہینڈ واش یا سنیٹائزر کا استعمال بھی ضروری رہے گا ۔ 9 ویں تا 12 ویں جماعت کے اسٹوڈنٹس کو صرف کنٹنمنٹ زون سے باہر والے علاقوں میں واقع اپنے اسکولوں کو جانے کی اجازت دی جاسکتی ہے جس میں ان کے ٹیچرس کی رہنمائی ہوگی ۔ طلبہ کو یہ اجازت ان کے والدین یا سرپرستوں کی تحریری اجازت کے تابع رہے گی ۔