تقریباً 25 ہزار نئے کیسوں کیساتھ جملہ ہندوستانی متاثرین 7.67 لاکھ ہوگئے۔ 2.69 لاکھ فعال کیس ۔ وزراء گروپ کوبریفنگ
نئی دہلی : وزراء گروپ (جی او ایم) برائے کوویڈ ۔ 19 کو آج مطلع کیا گیا کہ مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، دہلی، کرناٹک اور تلنگانہ کے بشمول 8 ریاستوں میں ملک کے مجموعی فعال کورونا کیسوں کا لگ بھگ 90 فیصد ہے۔ نیز 80 فیصد فعال کیس 49 اضلاع میں درج کئے گئے ہیں۔ اِس کے علاوہ جی او ایم کو بتایا گیا کہ 6 ریاستیں مہاراشٹرا، دہلی، گجرات، ٹاملناڈو، اترپردیش اور مغربی بنگال کوویڈ ۔ 19 کے 86 فیصد اموات سے تعلق رکھتے ہیں اور اس طرح کی 80 فیصد اموات کا تعلق محض 32 اضلاع سے ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے بتایا کہ جی او ایم نے جمعرات کو وزیر صحت ہرش وردھن کی صدارت میں اپنا اٹھارواں اجلاس منعقد کیا اور اِس نے خاص طور پر کورونا کے سبب زیادہ شرح اموات والے خطوں کے بارے میں خصوصیت سے غور و خوض کیا گیا۔ جی او ایم کو ہندوستان کی موجودہ مجموعی کوویڈ ۔ 19 صورتحال کی بریفنگ دی گئی۔ اِس کے مطابق ہندوستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24,879 نئے کیسوں کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ مجموعی متاثرین 7,67,296 ہوگئے۔ اموات کی تعداد 487 کے اضافہ پر 21,129 تک پہونچ چکی ہے۔ صحتیاب ہونے والے کورونا مریضوں کی تعداد 4,76,377 ہے جبکہ 2,69,789 فعال کیس پائے جاتے ہیں۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ تقریباً 62.08 فیصد مریض ابھی تک شفاء یاب ہوچکے ہیں۔ جملہ متاثرین میں بعض بیرونی شہری شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں درج 487 اموات میں سب سے زیادہ 198 کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے۔ اِس کے بعد ٹاملناڈو میں 64، کرناٹک میں 54، دہلی میں 48 اور مغربی بنگال میں 23 کورونا مریض فوت ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے بیان میں بتایا گیا کہ 5 سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں کے درمیان تقابل پر واضح ہوتا ہے کہ ہندوستان میں فی 10 لاکھ سب سے کم 538 کیس درج ہوئے ہیں اور 15 اموات پیش آئیں۔ عالمی اوسط متاثرین کے معاملہ میں 1,453 اور اموات کی تعداد میں 68.7 ہے۔ انڈیا میں کوویڈ ۔ 19 ہیلت کیئر انفراسٹرکچر کے بارے میں جی او ایم کو بتایا گیا کہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پورے ملک میں 3,914 سنٹرس ایسے ہیں جہاں 3,77,737 آئسولیشن بیڈس (آئی سی کی سہولت کے بغیر) موجود ہیں۔ اِسی طرح 39,820 آئی سی یو بیڈس دستیاب ہیں اور 1,42,415 آکسیجن کی سہولت کے ساتھ بستر موجود ہیں۔ علاوہ ازیں 20,047 ونٹیلیٹرس بھی دستیاب ہیں۔ زائداز 21.3 کروڑ N-95 ماسک، 1.2 کروڑ پی پی ای کٹس اور 6.12 کروڑ ہائیڈراکسی کلوروکوئین ٹائبلیٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔
ویکسین ٹرائلز کیلئے 10 کمپنیوں میں مسابقت
اِس دوران انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کیلئے اُلجھن پیدا ہورہی ہے کہ کوویڈ ۔ 19 کے خلاف ویکسن کی تیاری کس کمپنی کو سونپی جائے کیوں کہ ایک دو نہیں بلکہ 10 کمپنیوں نے دعویداری پیش کی ہے۔ انڈیا میں سب سے پہلے کورونا وائرس ویکسین کے ہیومن ٹرائلز آئندہ ہفتے شروع ہونے والے ہیں جو Covaxin کے ضمن میں ہوں گے۔ یہ ویکسین بھارت بائیو ٹیک نے آئی سی ایم آر کیساتھ اشتراک میں تیار کی ہے۔