۔80ویں نمائش کے کامیاب انصرام پر ایوارڈس کی پیشکشی

,

   

نمائش دیکھنے والے15.27 لاکھ افراد میں 80 فیصد خواتین اور بچے

حیدرآباد۔12فبروری(سیاست نیوز) نمائش سوسائٹی کی جانب سے80ویں کل ہند صنعتی نمائش2020کے کامیاب انصرام میںتعاون کرنے والے سرکاری محکموں ‘ رضاکارانہ تنظیمو ںاور اسٹالس مالکان کو اعزاز دیئے گئے۔ نمائش میدان میںانعامات کی تقسیم کے ضمن میںمنعقدہ اس تقریب میں ریاستی وزیر داخلہ محمد محمودعلی‘ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش رائو نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس باپو رائو کے بشمول لا ء اینڈ آرڈر‘ ٹریفک‘ محکمہ فائیر سروسیس ‘ پرنٹ کے عہدیداروں کے علاوہ پرنٹ او الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کو محمد محمودعلی اور ٹی ہریش رائو کے ہاتھوں انعامات دیئے گئے۔اس موقع پر نمائش سوسائٹی کے اعزازی سکریٹری بی پربھا شنکر نے سوسائٹی اورسال2020میںنمائش کی کارکردگی پر مشتمل تفصیلات پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ اس سال نمائش آنے والوں کی اب تک جملہ تعداد 15.27لاکھ رہی ہے جس میں 80فیصدخواتین او ربچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نمائش سے ہونے والی آمدنی سے سوسائٹی 27تعلیمی ادارے ریاست بھر میںچلاتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سال احتیاطی تدابیر کے طور پر بہت سارے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ انہوں نے ناگہانی حالت کے پیش نظر اٹھائے جانے والے اقدامات کے علاوہ آتشزدگی کا واقعہ پیش آنے کی صورت میںآگ پر قابو پانے کے لئے بچھائی گئی نئے پانی کی تنصیبات کا بھی اس موقع پرذکر کیا۔ انہو ںنے بتایا کہ ملک بھر سے کاروباری کل ہند صنعتی نمائش میں آکر اسٹالس کے ذریعہ اپنی مصنوعات نمائش میںفروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نمائش آنے والوں میں تلنگانہ کے علاوہ دیگر ریاستوں کی عوام بھی شامل ہوتی ہے۔حکومت تلنگانہ بالخصوص محکمہ پولیس کے تعاون پر انہوں نے شکریہ بھی ادا کیاہے۔ تقریب کا آغازو ندے ماترم سے ہوا جس کے احترام میں ریاستی وزیرداخلہ محمد محمودعلی کے علاوہ ریاستی وزیر ٹی ہریش رائو‘ نمائش سوسائٹی کے ذمہ داران اور محکمہ پولیس کے تمام اعلی حکام کھڑے ہوگئے تھے۔ نمائش سوسائٹی کی جانب سے ریاستی وزرا کا آخر میںشکریہ بھی ادا کیاگیا۔