۔80 سالہ موچی 20 ویں مرتبہ انتخابی میدان میں

   

Ferty9 Clinic

چنڈی گڑھ۔ پنجاب کے ہوشیار پور میں نہ تو عمر اور نہ ہی معاشی حالات نے ایک 80 سالہ موچی کو الیکشن لڑنے سے روکا۔ اوم پرکاش جاکھو 20 فروری کو پنجاب میں اپنا 20 واں الیکشن لڑیں گے۔جاکھو روزی کمانے کے لیے ہوشیار پور میں گھنٹگھر کے قریب ایک چھوٹی سی دکان میں جوتے مرمت کرتا ہے۔اوم پرکاش جاکھونے کہا کہ یہ اس کا جذبہ ہے، جو اسے آگے بڑھنے میں حوصلہ دیتا ہے ۔ جاکھو نیشنل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے ٹکٹ پر ہوشیار پور سے اسمبلی الیکشن لڑ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنی آدھی زندگی الیکشن لڑتے گزار دی۔ ان میں سے زیادہ تر انتخابات ایم ایل اے کے عہدے کے لیے ہوئے تھے۔ جاکھو نے آج تک ایک بھی الیکشن نہیں جیتا، پھر بھی وہ فخر سے کہتے ہیں میں اپنا 20 واں الیکشن لڑنے جا رہا ہوں۔ جاکھو کے مطابق وہ ہوشیار پور ضلع کے مختلف علاقوں سے بلدیاتی انتخابات بھی لڑ چکے ہیں جن میں شام چوراسی، چبیوال اور گڈی والا شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ماضی میں بہوجن سماج پارٹی اور لوک جن شکتی پارٹی کے امیدوار کے طور پر اپنی قسمت آزما چکے ہیں۔جاکھو کی کمائی ان کے خاندان کی کفالت کے لیے کافی ہو سکتی ہے، لیکن یہ انہیں الیکشن لڑنے سے نہیں روکتی۔