۔80 ہزار افراد کو کورونا وائرس لاحق ہونے کا اشارہ وائرس سے نمٹنے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کا تخمینہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔25مارچ(سیا ست نیوز) حکومت کرناٹک کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس کو ریاست بھر میں 80ہزار افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور ایسی صورت میں کئی افراد کو انتہائی سخت نگہداشت کی ضرورت پڑنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ ٹاسک فورس کی جانب سے لگائے گئے تخمینہ کے مطابق ریاستی حکومت کو 80ہزار مریضوں کو صحتمند کرنے کیلئے کئی اقدامات کی ضرورت ہوگی۔ بتایاجاتا ہے کہ صرف ریاست کرناٹک میں کورونا وائرس کے مریضوں سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کو 4ہزار 800 وینٹیلیٹرس کی ضرورت پیش آئے گی اور ریاستی حکومت کی جانب سے درکار وینٹیلیٹرس کا فوری انتظام کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ٹاسک فورس کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں ہی 16ہزار افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور ان کی نگہداشت کیلئے بنگلورو میں 2400 افراد کو دواخانہ میں شریک کرناپڑسکتا ہے ۔اسی طرح 2000 مریضوں کو آئی سی یو کی ضرورت پیش آنے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے اور کہا جار ہاہے کہ بنگلورو میں 1000 وینٹیلیٹرس درکار ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تیار کی گئی ٹاسک فورس نے جو سفارشات حکومت کو روانہ کی ہیں ان میںفوری معائنوں کے مراکز میں اضافہ کے اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ ریاست میں بخار کا جائزہ لینے کیلئے فیور کلینک کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ کرناٹک میں آئی سی یو کی 24گھنٹے نگرانی کے لئے 2800 نرس درکار ہیں جبکہ 800مستقل رہنے والے ڈاکٹرس کی خدمات کا حصول لازمی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ٹاسک فورس کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہندوستان میں تیار کئے گئے وینٹیلیٹرس کے حصول کے اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور اضافی بستروں کے حصول کے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق حکومت کرناٹک کی جانب سے خانگی اور سرکاری دواخانوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم بناتے ہوئے ان کے آلات کو استعمال کرنے اور مریضوں کو راحت پہنچانے کی بھی ایک علحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس سلسلہ میں حکمت عملی تیار کر رہی ہے۔حکومت کرناٹک نے ٹاسک فورس کی سفارشات موصول ہونے کے بعد ہی مکمل طور پر لاک ڈاؤن اور اندرون ریاست حمل و نقل پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔