آر ٹی سی کی ہڑتال کامیاب ، حکومت کے بیانات جھوٹ پر مبنی ، ویرا بھدرم سکریٹری سی پی آئی ایم کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز): مسٹر ٹی ویرا بھدرم سکریٹری تلنگانہ ریاستی سی پی آئی ایم نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف سخت ریمارکس کیے اور دریافت کیا کہ آیا 80 ہزار کتابوں کے مطالعہ کرنے کا دعویٰ کرنے والے مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مزدور قوانین سے واقف نہیں ہیں ۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سکریٹری ریاستی سی پی آئی ایم نے پر زور الفاظ میں کہا کہ سی پی آئی ایم ورکرس مفادات کے تحفظ کے لیے کی جانے والی کسی بھی جدوجہد میں ہمیشہ سرگرم عمل میں رہی اور اب تلنگانہ میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ورکرس (ملازمین ) کی جانب سے اپنے مطالبات کی یکسوئی کے مطالبہ پر ریاستی سطح پر جاری جدوجہد کی ریاستی سی پی آئی ایم نہ صرف مکمل تائید کرے گی بلکہ مسائل کی یکسوئی تک بھر پور ساتھ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں حکومت ملازمین کی ہڑتال ناکام رہنے کا ادعا کررہی ہے وہیں ہڑتال مکمل طور پر کامیاب ثابت ہورہی ہے اور ہڑتال کی کامیابی کا اہم ثبوت یہ ہے کہ عوام ایک مقام سے دوسرے مقام کو پہونچنے سفر کی کوئی مناسب سہولتیں فراہم نہ رہنے کی وجہ سے کافی مشکلات و مسائل سے دوچار ہورہے ہیں اور خود عوام انہیں درپیش مشکلات کا اظہار کررہے ہیں ۔ مسٹر ویرا بھدرم نے ریاست میں ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جاری ہڑتال کے تعلق سے حکومت کے ادعا کا مضحکہ اڑایا اور کہا کہ جاری ہڑتال کو ختم کروانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے کے بجائے مسٹر چندر شیکھر راؤ جلد بازی کے ذریعہ بعض احمقانہ بیانات دیتے ہوئے نہ صرف ہڑتالی ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو اکسا رہے ہیں بلکہ ہڑتال کے مسئلہ پر طوالت دیتے ہوئے عوام کو مزید مشکلات سے دوچار کررہے ہیں ۔ مسٹر ویرا بھدرم نے کیرالا میں سی پی آئی ایم دور اقتدار کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست کیرالا میں سی پی آئی ایم زیر قیادت حکومت نے کیرالا آر ٹی سی کے لیے بہت کچھ اقدامات کئے ۔ ریاستی سرکاری ملازمین کے لیے حکومت کیرالا جو سہولتیں فراہم کررہی ہے وہ تمام سہولتیں سی پی آئی ایم زیر قیادت حکومت کے د وران کیرالا آر ٹی سی ملازمین کو فراہم کرنے کے اقدامات کئے گئے اور آج بھی یہ تمام سہولتیں کیرالا آر ٹی سی ملازمین وغیرہ کو فراہم ہورہی ہیں ۔ سکریٹری سی پی آئی ایم نے مزید کہا کہ ریاست کیرالا میں اگر آر ٹی سی کو خسارہ بھی ہورہا ہو تو اس خسارہ کی پابجائی خود کیرالا حکومت ہی کررہی ہے ۔ لیکن تلنگانہ میں ایسا کوئی اقدام ہرگز نہیں کیا جارہا ہے ۔ ویرا بھدرم نے چیف منسٹر سے ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کی جاری غیر معینہ مدت کی بس ہڑتال کو اپنے وقار کا مسئلہ نہ بناتے ہوئے ہڑتال کی یکسوئی کے لیے مثبت اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ۔۔