۔85 ماہر ڈاکٹرس کے عارضی تقرر کا فیصلہ

   

ایک سال کیلئے خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ توسیع بھی ممکن
حیدرآباد ۔ محکمہ صحت کی جانب سے 85 ماہر اطباء کا عارضی تقرر برائے ایک سال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور حسب ضرورت کنٹراکٹ میں اضافہ کی گنجائش بھی رہے گی۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے 35 اسسٹنٹ پروفیسرس (جنرل میڈیسن ) 35 اسسٹنٹ پروفیسرس (انیستھیشیا) 15 اسسٹنٹ پروفیسرس (ٹی بی اینڈ سی ڈی)کے تقررات کو منظوری دی گئی ہے ۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ تقررات عارضی ہوں گے اور حسب ضرورت معاہدہ میں توسیع کی گنجائش رہے گی۔ محکمہ صحت کے تحت دواخانوں میں عارضی تقررات کیلئے 17 اگسٹ کو انٹرویو کئے جائیں گے۔گاندھی ہاسپٹل اور تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں اسسٹنٹ پروفیسرس عہدوں پر تقررات کیلئے 17 اگسٹ کو 11بجے دن تا5بجے شب ڈی ایم ای آڈیٹوریم ڈائرکٹر آف میڈیکل اینڈ ہیلت کے دفتر کوٹھی میں انٹرویو منعقد ہونگے ۔منتخب امیدواروں کو بروقت تقررات کے احکام جاری کئے جائیں گے اور انہیں ماہانہ 1لاکھ 25ہزار روپئے مشاہرہ ادا کیا جائے گا۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ خواہشمند امیدواروں کو انٹرویو کے وقت ایس ایس سی ‘ ایم بی بی ایس‘ پوسٹ گریجویشن‘پی جی سینیئر ریسیڈینسی سرٹیفیکیٹ کے علاوہ کاسٹ سرٹیفیکیٹ و متعلقہ اسنادات اور کی کاپی لانی ہوگی۔ان عہدوں پر تقرر کیلئے ایک سال کی پی جی سینیئر ریسڈنسی خدمات لازمی ہے کیونکہ اسی کی بنیاد پر اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدہ پر تقررات کے احکام جاری کئے جائیں گے۔