۔9/11کی برسی پر امریکہ میں تقریبات

   

Ferty9 Clinic

واشنگٹن ،12ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے 9/11 کے حملوں سے متعلق تقریب میں افغان جنگ کے حوالہ سے کہا ہے کہ طالبان کو ’بدترین‘ طریقے سے ایسا نشانہ بنائیں گے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ نے 9/11 حملوں کے 18 سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ چار دنوں میں امریکی فورسز نے دشمن کو ایسا بدترین نشانہ بنایا ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں بنایا گیا تھا اور اس کو جاری رکھیں گے‘‘۔امریکہ میں 11 ستمبر 2001 کو ہونے والے حملہ کے حوالہ سے نیویارک اور واشنگٹن میں مختلف تقاریب منعقد کی گئی جہاں تقریباً 3 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔امریکہ میں نائن الیون حملوں کی یاد میں سالانہ دعائیہ تقریبات منعقد ہوتی ہیں جس میں ہلاک افراد کے لواحقین اور ان کے دوست شرکت کرتے ہوئے اور ان کی یادیں تازہ کرتے ہیں۔ نیویارک کے گورنر اینڈریو کیومو، میئر بل ڈی بلاسیو اور ان کے پیشرو مائیکل بلوم برگ اور روڈی گلیانی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔امریکی صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیہ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں 9/11 میں ہلاک افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی تقریب میں میزبانی کی جہاں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وائٹ ہاؤس میں تقریب کے بعد ٹرمپ پنٹگان روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے تقریر کی اور طالبان کو سخت نتائج کی دھمکی دی۔واضح رہے کہ ٹرمپ نے دو روز قبل افغان صدر اشرف غنی اور طالبان سے کیمپ ڈیوڈ میں طے شدہ خفیہ ملاقات کو منسوخ کرتے ہوئے طالبان سے مذاکرات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔