۔99 فیصد مسلمان بابری مسجد فیصلہ پر نظرثانی کے حامی : پرسنل لا بورڈ

,

   

لکھنو ۔یکم ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے آج واضح کیا کہ ملک میں 99 فیصد مسلمان چاہتے ہیں کہ ایودھیا مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظرثانی کی جائے ۔ مسلم پرسنل لا بورڈ اس مقدمہ کی فریق رہا ہے اور اس نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ 9 ڈسمبر تک اس فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کریگا ۔ اس فیصلے میں عدالت نے ایودھیا میں مندر تعمیر کرنے کی اجازت دیدی تھی ۔ بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا ولی رحمانی نے بتایا کہ مسلمان عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں اور اسی لئے نظرثانی اپیل دائر کر رہے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ایودھیا مسئلہ پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے یہ یقین قدرے متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 99 فیصد مسلمان چاہتے ہیں کہ اس فیصلے پرنظرثانی اپیل دائر کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بڑا طبقہ اس فیصلے کا مخالف ہے ۔ انہں نے تاہم کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ نظرثانی اپیل کو مسترد کردیا جائیگا ۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہم اپیل دائر نہ کریں۔ یہ ہمارا قانونی حق ہے ۔ اس فیصلے میں کئی متضاد باتیں ہیں جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپیل دائر کی جائیگی ۔