10ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس حکومت، ترقی کے نئے دور کا آغازہوگا

   

اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کی زندگی میں روشنی کا وعدہ، ورنگل میں ریونت ریڈی کی پدیاترا

حیدرآباد۔/21 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ آئندہ 10 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت قائم ہوگی اور اندراماں راج کی واپسی عمل میں آئے گی۔ گذشتہ 9 برسوں میں کے سی آر حکومت نے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور علحدہ ریاست کی تشکیل سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ پہنچا۔ ریونت ریڈی نے آج ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کے تیرہویں دن ورنگل ایسٹ اسمبلی حلقہ کے علاقوں کا احاطہ کیا۔ انہوں نے صبح میں ضلع کے پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے متحدہ ورنگل ضلع کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پیدماں گڈہ شرنیا گارڈن سے پدیاترا کا آغاز کیا اور شام میں ورنگل چوراہے پر جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ عام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک تھے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حقیقی سنہرا اور خوشحال تلنگانہ کانگریس کے اقتدار میں ممکن ہے جہاں تمام طبقات کیلئے ترقی اور فلاح بہبود کی اسکیمات پر عمل کیا جاتا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ یکم جنوری 2024 کو کانگریس حکومت برسراقتدار آئے گی اور پہلا جی او دھرانی پورٹل کی برخواستگی کا جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کانگریس برسراقتدار آنے پر پکوان گیس سلینڈر کی 500 روپئے میں سربراہی، آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج، غریبوں کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد اور کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا اعلان کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر حکومت کے خلاف برسر پیکار ہوجائیں کیونکہ گذشتہ 9 برسوں سے بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کا دوردورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی موجودہ صورتحال دیکھنے کے بعد یہ خیال آتا ہے کہ کانگریس نے علحدہ ریاست تشکیل دے کر غلطی تو نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میں تکلیف کے ساتھ یہ سوال کررہا ہوں کیونکہ پدیاترا کے دوران میں ہر جگہ عوام کو پریشان دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کو اقتدار کا ایک موقع فراہم کریں تاکہ ہر کسی کی زندگی میں خوشحالی آئے۔ علحدہ ریاست کی جدوجہد میں 1200 نوجوانوں نے اپنی جان قربان کی لیکن کے سی آر نے ان کے خاندانوں کی کوئی مدد نہیں کی۔ ریاست میں ٹی آر ایس کے عوامی نمائندے اور قائدین مائننگ، شراب، ریت، ڈرگس اور دوسرے اسکامس میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ربر کی چپل پہن کر ایم ایل اے بننے والے آج کروڑ پتی بن چکے ہیں جبکہ عوام کی حالت میں کوئی سدھار نہیں ہوا۔ ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے غداروں کو کابینہ میں شامل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وزراء کی اکثریت تلنگانہ کے غداروں کی ہے۔ دلتوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے ساتھ کے سی آر نے دھوکہ کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا کہ وہ دس ماہ تک جہد مسلسل کریں تاکہ کانگریس حکومت برسراقتدار آئے جس کے بعد ہر کسی کیلئے خوشحالی رہے گی۔ صدر پردیش کانگریس نے یقین ظاہر کیا کہ انتخابات میں کانگریس کو 100 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بی آر ایس اور بی جے پی کے کھیل سے گمراہ نہ ہوں۔ ورنگل کے انچارج ورکنگ پریسیڈنٹ انجن کمار یادو کے علاوہ ضلع کے کانگریس قائدین شریک تھے۔ پدیاترا کے دوران جگہ جگہ ریونت ریڈی کا عوامی استقبال کیا گیا۔ ریونت ریڈی کل 22 فروری کو بھوپال پلی اسمبلی حلقہ میں پدیاترا کریں گے۔ر